نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 میں شکست کے ساتھ منفی ریکارڈ بھی پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2022
نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ میں پاکستان کو تمام شعبوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 9 وکٹوں سے شکست ہوئی — فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ میں پاکستان کو تمام شعبوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 9 وکٹوں سے شکست ہوئی — فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ میں جاری سہ ملکی سیریز میں میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ ایک منفی ریکارڈ بھی پاکستان کے نام درج کرا دیا۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل ناکامی سے دوچار ہوئی اور مقررہ اوورز میں صرف 130رنز بنا سکی۔

مزید پڑھیں: سہ ملکی سیریز: پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ سے شکست

اس اننگز میں جہاں پاکستانی بلے باز تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے وہیں پوری اننگز کے دوران گرین شرٹس ایک بھی چھکا نہ مار سکے جو ایک منفرد اور منفی ریکارڈ ہے۔

کرک انفو کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے کسی ٹی20 میچ کی پہلی مکمل اننگز میں کوئی چھکا نہیں لگا اور پاکستان کی ٹیم یہ بدترین ریکارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

دوسری جانب کرکٹ کے اعدادوشمار کے ماہر مظہر ارشد نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ 8 سال بعد پہلا موقع ہے کہ کسی انٹرنیشنل ٹی20 میچ کی مکمل اننگز کے دوران پاکستان کی ٹیم کوئی چھکا نہ مار سکی ہو اور ایسا آخری بار 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے برعکس نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جارحانہ انداز میں بیٹنگ میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور میزبان ٹیم نے 23 گیندوں قبل ہی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن نے 42 گیندوں پر چھ چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔

تبصرے (0) بند ہیں