بلوچستان: سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ، دو اہلکار شہید

31 اکتوبر 2022
سیکیورٹی فورسز نے کمان کے قریبی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سیکیورٹی فورسز نے کمان کے قریبی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے شاہرگ کے قریب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔

مزید پڑھیں: خاران: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کمان کے قریبی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے مشتبہ مقام کے قریب اتار دیا گیا تھا تاکہ ان کے فرار کا راستہ روک دیا جائے اور ٹھکانے ختم کردیے جائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پوزیشنز سنبھالتے وقت دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس دوران فائرنگ کے تبادلہ ہوا اور 4 دہشت گرد بھی مارے گئے، دھماکا خیز مواد اور بارود سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔

کارروائی کے حوالے سے کہا گیا کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کے کردار کو سراہا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 'شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی شکل میں دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا'۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع خاران میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران مبینہ طور پرکالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 مشتبہ دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا تھا کہ خاران میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس ایجنسی اور محکمہ کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لےلیا۔

ترجمان نے مزید بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 4 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نیتجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں