عمران خان پیچھے نہیں ہٹ سکتے، غیر ملکی سازش کے بیانیے پر جواب دینا ہوگا، وزیر اطلاعات

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا —فائل فوٹو: اے ایف پی/ پی آئی ڈی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا —فائل فوٹو: اے ایف پی/ پی آئی ڈی

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ حکومت کی تبدیلی پر اپنائے گئے بیرونی ملک کی سازش کے ان کے بیانیے میں اچانک تبدیلی کیسے آئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی، جس بیانیہ پر پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا آپ کو اس پر جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جواب دیے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں، آج عمران خان سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پر یقین کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

مزید پڑھیں: ‘اب امریکا پر الزام نہیں لگاتا’، مبینہ بیرونی سازش پر عمران خان کا نیا مؤقف

وزیر اطلاعات نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈڈ فتنے کی بات سُننے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے کہ پارلیمان کو، افواجِ پاکستان کو، اداروں کو غدار ٹھہرا کر بات ختم کرنا، ایسے نہیں ہوگا عمران خان۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے جھوٹ کے لیے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی، عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں، عمران خان نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آڈیو لیکس کی تردید نہ کر کے اعتراف جرم کرلیا ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے امریکی سازش، امپورٹڈ حکومت اور ریجیم چینج کا بیانیہ پسِ پشت اِس لیے ڈالا کیونکہ وہ کبھی موجود تھا ہی نہیں، عمران خان آج امپورٹڈ حکومت اور ریجیم چینج کے جھوٹے بیانیے سے دستبردار ہوگئے ہیں، آج نام نہاد ’حقیقی آزادی‘ کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہوگیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا، ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا، چالیں چلیں، اقتدار کی ہوس میں ملک اور قوم کو داﺅ پر لگا دیا، قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اپیلیں کرتے رہے اور اب امریکی سازش والی بات ختم، عمران خان نے اپنے جھوٹ سے نہ صرف قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا بلکہ پاکستان کے خارجہ تعلقات کو بھی تباہ کرنے کی سازش کی اور اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا۔

مزید پڑھیں: حقیقی آزادی والے سوچ لیں، عمران خان نے تسلیم کیا بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں، مریم اورنگزیب

خیال رہے کہ 13 نومبر کو سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اقتدار سے ہٹائے جانے کے لیے اب میں امریکی انتظامیہ کو مزید مورد الزام نہیں ٹھہراتا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ وہ امریکا اور پاکستان کے درمیان باوقار تعلقات چاہتے ہیں۔

مبینہ سازش میں امریکا کے کردار کے حوالے سے عمران خان نے تبصرہ کیا کہ 'جہاں تک میرا خیال ہے یہ معاملہ اب ختم ہوچکا ہے، میں آگے بڑھ چکا ہوں‘۔

درین اثنا وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی بیانیہ تبدیل کرنے پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں