پنجاب میں بلدیاتی نتخابات: الیکشن کمیشن کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی شرط ختم کرنے کا حکم

18 نومبر 2022
الیکشن کمیشن پاکستان نے جلد بازی میں الیکٹرانک ووٹنگ میشن سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے خبردار کیا— فائل فوٹو : ڈان نیوز
الیکشن کمیشن پاکستان نے جلد بازی میں الیکٹرانک ووٹنگ میشن سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے خبردار کیا— فائل فوٹو : ڈان نیوز

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے پنجاب حکومت سے قانون میں ترمیم کرنے کا کہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے حال ہی میں پنجاب کے چیف سیکریٹری اور سیکریٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو خطوط لکھے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے نوٹ کیا ہے کہ حکومت کی ضروریات کے مطابق ان مشینوں کو مقامی طور پر بنانا ہوگا جس میں کسی مسابقتی عمل کی ضرورت نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے اپنے خطوط میں مزید کہا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے لیے تقریباً ڈھائی لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی ضرورت ہوگی۔

بلدیاتی انتخابات کو پیچیدہ عمل قرار دیتے ہوئے جس میں ایک سے زیادہ بیلٹ پیپرز استعمال کیے جاتے ہیں جب کہ زیادہ تر الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں صرف ایک بیلٹ پیپر کے استعمال کے لیے ہوتی ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ 120 روز کی آئین میں مقررہ مدت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ نتخابات کرانے کے لیے اسے مارکیٹ سے مشینیں خریدنی پڑیں گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے گزشتہ ماہ سماعت کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کرانے کے پنجاب حکومت کے اقدام کو “پہلے ہی تاخیر کے شکار انتخابات میں مزید تاخیری حربہ قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کا بل پاس کیا ہے اور یہ آئندہ 10 روز میں قانون بن جائے گا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ پ نے جان بوجھ کر مسائل پیدا کرنے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو شامل کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ بلدیات پنجاب نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی ضرورت کو ختم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی تجویز کی توثیق کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اب اس تجویز کی منظوری کے لیے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجی جائے گی جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ میشن سے متعلق قانون میں ترامیم کے لیے ووٹنگ کے لیے بل کا مسودہ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے جلد بازی میں الیکٹرانک ووٹنگ میشن سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے خبردار کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں