’تخت پنجاب‘ کے دوبارہ حصول کیلئے شہباز شریف نے آصف زرداری سے مدد طلب کر لی

30 نومبر 2022
دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا— فوٹو بشکریہ حکومت پاکستان
دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا— فوٹو بشکریہ حکومت پاکستان

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے فیصلے کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے منگل کو ملاقات کی جس میں ممکنہ سیاسی بحران کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی۔

توقع ہے کہ وزیر اعظم آنے والے دنوں میں حکمران اتحاد میں شامل دیگر اتحادیوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ دونوں اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل پر تبادلہ خیال اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس سال کے تباہ کن مون سون سیلابوں کے بعد بحالی کے عمل اور موسم سرما کے آغاز کے دوران بے گھر ہونے والے سیلاب متاثرین کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا، ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیر اعظم نے آصف زرداری کو پنجاب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی حکومت دوبارہ قائم کرنے کا کام سونپا ہے۔

مشکل ترین حالات میں سیاسی حل نکالنے کے لیے شہرت رکھنے والے سابق صدر جلد ہی لاہور کا سفر کریں گے۔

اس ملاقات سے قبل زرداری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے خود ساختہ جلاوطن قائد نواز شریف کی آواز تصور کیے جانے والے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ساتھ متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں