پی ٹی آئی نے شہباز شریف کے داماد کے وکیل کو پارٹی عہدے سے برطرف کردیا

اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2022
وحید الرحمٰن برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے داماد کے وکیل تھے—فوٹو: وحید الرحمٰن فیس بُک
وحید الرحمٰن برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے داماد کے وکیل تھے—فوٹو: وحید الرحمٰن فیس بُک

وزیر اعظم شہباز شریف کے داماد کے وکیل بیرسٹر وحید الرحمٰن میاں کو پاکستان تحریک انصاف نے عہدے سے فارغ کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کا کیس میں دفاع کرنے پر پاکستان تحریک انصاف نے برطانیہ میں دفتر برائے انٹرنیشنل چیپٹرز کے ڈپٹی سیکرٹری بیرسٹر وحید الرحمٰن کو پارٹی سے برطرف کردیا گیا ہے۔

وحید الرحمٰن برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کے وکیل تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق وحید الرحمٰن کو فوری طورپر پارٹی سے برطرف کردیا گیا ہے۔

وہ سال 2020 سے شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کے کیس کا دفاع کررہے تھے، اطلاعات کے مطابق ان کی قانونی نمائندگی سے اُس وقت پی ٹی آئی کی قیادت کو اختلافات نہیں تھے۔

ڈیلی میل اخبار کی شہباز شریف سے معافی مانگنے کے بعد پی ٹی آئی نے وحید الرحمٰن کو استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔

اس حوالے سے وحید الرحمٰن میاں کی جانب سے بیان میں کہا کہ میں نے خود رابطہ کرکے کہا تھا کہ اگربرطانیہ میں وکیل ہونے کی حیثیت سے میری پیشہ ورانہ مصروفیات سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ہیں مجھے فارغ کردیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے یہ پیغام جمعے کو (9 دسمبر) بھیجا تھا اور آج (10 دسمبر) کو مجھے پارٹی سے برطرف کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔

بیرسٹر وحید الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ عہدے سے ہٹانا پارٹی کا فیصلہ ہے جس کا احترام کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور رہیں گی، میں عہدوں کا محتاج نہیں، پارٹی کے ساتھ رہوں گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں