امریکا: مسافر طیارے میں ہچکولوں سے 36 مسافر زخمی

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2022
مسافر طیارے میں 278 مسافر سوار تھے—فائل فوٹو شٹر اسٹاک
مسافر طیارے میں 278 مسافر سوار تھے—فائل فوٹو شٹر اسٹاک

امریکی ریاست ہوائی میں مسافر طیارے میں ہچکولوں سے کم از کم 36 مسافر زخمی ہوگئے جن میں سے 11 کی طبیعت ناساز ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق مسافر طیارے میں عملے کے 10 اراکین اور 278 مسافر سوار تھے جو امریکی ریاست ہونولولو پہنچ کر زمین پر لینڈ کرنے جارہا تھا کہ اچانک شدید ہچکولوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث 36 افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق شدید ہچکولوں سے طیارے میں رکھی چیزوں کا توازن متاثر ہوگیا جس کی وجہ سے مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم 20 مسافروں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں ہچکولوں کے وقت گرج چمک بھی جاری تھی۔

بعد ازاں ہوائین ایئرلائن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ متعدد مسافروں اور ملازمین کو معمولی زخموں کے بعد طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان میں سے 14 ماہ کے بچے سمیت 17 مسافروں اور 3 ملازمین کو مزید طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ہوائین ایئرلائن کے چیف آپریٹنگ افسر جان اسنوک نے کہا کہ ایمرجنسی حکام کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات اور خدمات پر ان کے مشکور ہیں اور یہ بھی خوش آئند بات ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی میں کچھ روز سے موسم خراب ہے جس کی وجہ سے پروازوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایئرلائن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دوبارہ اڑان سے قبل طیارے کو پیش آنے والے واقعے کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں