اسٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگ دباؤ ڈال رہے ہیں، آرمی چیف کو آگاہ کریں گے، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2023
فواد چوہدری نے کہا کہ ریاستی ادارے پاکستانی عوام کے ساتھ ایک پیچ پر ہونے چاہیے۔ —فائل فوٹو: اے ایف پی
فواد چوہدری نے کہا کہ ریاستی ادارے پاکستانی عوام کے ساتھ ایک پیچ پر ہونے چاہیے۔ —فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگ فون کال کے ذریعے پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور ان کے خلاف ہم آرمی چیف سے شکایت درج کریں گے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی آرمی چیف کو آگاہ کرے گی کہ ان کے کچھ ساتھی ذاتی نمبر سے فون کر کے تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ کے مبینہ طور پر پولیٹیکل انجینئرنگ میں ملوث ہونے کا حوالے دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ریاستی اداروں کے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتظامی تعلقات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی ادارے پاکستانی عوام کے ساتھ ایک پیچ پر ہونے چاہئیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب ریاستی ادارے عوام کے ساتھ ایک پیچ پر ہوں گے تو انہیں پی ٹی آئی کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رکھنے پڑیں گے، کیونکہ تحریک انصاف عوام کی پسندیدہ اور سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جب وطن واپس آئیں گے تو ہم ان کے ساتھ سنگین تحفظات کے معاملات اٹھائے گے اور آرمی چیف کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کریں گے۔

فواد چوہدری کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پنجاب اسمبلی میں رات گئے اجلاس کے دوران وزریراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اپوزیشن کے خلاف اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے۔

قبل ازیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد کے مطلوبہ نمبر پورے ہیں اور وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی جلد ہی ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیں گے۔

اعتماد کے ووٹ کے نتائج کے بعد انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’مبارک پنجاب، مبارک پاکستان تحریک انصاف، مبارک قائد لیگ!‘، دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی مبارک باد کی ٹوئٹ کرتے ہوئے اعتماد کے ووٹ میں کامیابی کو مخالفین کے لیے ذلت آمیز شکست قرار دیا۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئےطنزیہ انداز میں کہا کہ ’ہائے اللہ یہ کیا ہو گیا!!‘، مونس الہٰی نے کہا کہ یہ تصویر مسلم لیگ (ن) کی تصویر کشی کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں