متعدد شوبز شخصیات نے ان کے ذاتی موبائل نمبرز اور دیگر معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر اداکار فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے کی دھمکی دے دی۔

فیروز خان نے ایک دن قبل بتایا تھا کہ انہوں نے ثروت گیلانی، ایمن خان، منال خان، منیب بٹ، یاسر حسین اور میرا سیٹھی سمیت متعدد شوبز شخصیات کو بدنام کرنے پر قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان سے 15 دن کے اندر معافی کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں وہ تمام اداکاروں کے خلاف 3 کروڑ روپے کے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔

فیروز خان کے وکیل نے بتایا تھا کہ تمام شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کے الزامات لگائے تھے اور تمام شخصیات نے شواہد کے بغیر اداکار کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹس کی تھیں۔

شوبز شخصیات کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد فیروز خان نے تمام شخصیات کو ایک روز قبل قانونی نوٹس بھجوانے کی تصدیق کی تھی۔

اداکار کی جانب سے شوبز شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جن میں متعدد شخصیات کی ذاتی ایڈریس، نام اور موبائل نمبر سمیت دیگر معلومات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا تھا۔

قانونی نوٹسز میں ذاتی موبائل نمبر اور دیگر معلومات دیے جانے اور نوٹسز کو سوشل میڈیا پر وائرل کروانے پر متعدد شخصیات نے فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نہ صرف بے وقوف قرار دیا بلکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی تیاری کی دھمکی بھی دی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یاسر حسین نے اپنی متعدد انسٹاگرام پوسٹس میں فیروز خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں بے وقوف شخص قرار دیا اور ساتھ ہی انہوں نے ذاتی نمبر پر موصول ہونے والے پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔

یاسر حسین نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ایک بیوقوف شخص نے پہلے اپنی بیوی کو مارا اور پھر متعدد افراد کے ذاتی نمبر لیک کیے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے ایک بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ بچے نے انہیں میسیج بھیج کر ڈرامے میں کام دلوانے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں اداکار سے ایک لاکھ روپے مانگا ہے۔

انہوں نے ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں ایک شخص کے میسیج کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے مداح کی جانب سے اپنا نمبر شیئر کیے جانے کے باوجود ان کا نمبر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیا، کیوں کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکول گئے تھے۔

یاسر حسین نے ایک اور مداح کے میسیج کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں مداح نے اداکار سے گلوکار فلک شبیر سے ملوانے کی خواہش کا اظہار کیا اور ساتھ ہی یاسر حسین نے فیروز خان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ خدا اس کا ثواب انہیں دے۔

ان کی طرح اداکار ثروت گیلانی نے بھی فیروز خان کی جانب سے شوبز شخصیات کے نمبرز شیئر کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قدم کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ثروت گیلانی نے انہیں دھمکی دی کہ پہلے تو وہ صرف سابق بیوی کے کیسز کا سامنا کر رہے تھے، اب وہ مزید 10 شوبز شخصیات کے کیسز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

اداکارہ کی طرح ان کے شوہر فہد مرزا نے بھی فیروز خان کی جانب سے شوبز شخصیات کے نمبرز کو عام کرنے پر ان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دار شخص قرار دیا۔

اداکار خالد عثمان بٹ نے بھی کہا کہ شوبز شخصیات کے ذاتی نمبر کو عام کرنے پر اب فیروز خان کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

گلوکارہ و اداکار میشا شفیع نے بھی فیروز خان کی جانب سے شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجوانے پر شوبز شخصیات سے اظہار ہمدردی کیا اور انہیں مضبوط رہنے کا مشورہ بھی دیا۔

میشا شفیع نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ملکی تاریخ کے سب سے اہم ترین ہتک عزت کیس کا سامنا کیا اور وہ شوبز شخصیات کے ساتھ ہمدری کا اظہار کرتی ہیں اور خصوصی طور پر انہوں نے فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کو مضبوط رہنے کا مشورہ دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں