پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 3 لاکھ 55 ہزار تک اضافہ کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے سے 3 لاکھ 55 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔

قبل ازیں ہونڈا ایٹلس کارز لمیٹڈ اور انڈس موٹر کمپنی نے بالترتیب 3 لاکھ سے 5 لاکھ 50 ہزار اور 2 لاکھ 80 ہزار سے 12 لاکھ روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے ایک لاکھ 60 ہزار اور 2 لاکھ روپے کا اضافے کے ساتھ الٹو وی ایکس کی نئی قیمت 18 لاکھ 59 ہزار، وی ایکس آر کی 21 لاکھ 56 ہزار، وی ایکس آر اے جی ایس کی 23 لاکھ 10 ہزار اور اے جی ایس کی قیمت 24 لاکھ 23 ہزار مقرر کردی ہے۔

کمپنی نے 2 لاکھ 8 ہزار اور 2 لاکھ 57 ہزار کے اضافے کے ساتھ ویگن آر آر وی ایکس آر، آر وی ایکس ایل اور آر اے جی ایس ماڈلز کی نئی قیمتیں بالترتیب 26 لاکھ 29 ہزار، 27 لاکھ 89 ہزار اور 30 لاکھ 59 ہزار مقرر کردی ہے۔

کمپنی کے مطابق 2 لاکھ 85 ہزار سے 3 لاکھ 35 ہزار کے اضافہ کے ساتھ سوزوکی کلٹس وی ایکس آر کی نئی قیمت 33 لاکھ 9 ہزار اور وی ایکس ایل کی قیمت 33 لاکھ 39 ہزار مقرر کی گئی ہے جبکہ اے جی ایس کی قیمت 35 لاکھ 69 ہزار مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی نے 2لاکھ 99 ہزار اور 3 لاکھ 55 ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ سوزوکی جی ایل ایم ٹی، جی ایل سی وی ٹی اور جی ایل ایکس سی وی ٹی کی نئی ریٹیل قیمتیں بالترتیب 34 لاکھ 79 ہزار، 37 لاکھ 42 ہزار اور 41 لاکھ 15 مقرر کردی ہے۔

کمپنی نے ایک لاکھ 15 ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ سوزوکی راوی کی نئی قیمت 15 لاکھ 39 ہزار اور بغیر ڈیک کے راوی ماڈل کی نئی قیمت 14 لاکھ 64 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔

علاوہ ازیں ایک لاکھ 19 ہزار کے اضافے کے ساتھ بولان وین کی نئی قیمت 16 لاکھ 19 ہزار اور کارگو کی نئی قیمت 16 لاکھ 60 ہزار مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کے ترجمان شفیق احمد نے کہا کہ کمپنی نے بڑھتے ہوئے اوور ہیڈز اور معاشی غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر صارفین پر کچھ بوجھ ڈالا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں