پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای-100 انڈیکس 579.23 پوائنٹس یا 1.43 فیصد گر کر 39 ہزار 871.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کے ایس ای-100 انڈیکس لین دین کے دوران 3 بج کر 26 منٹ پر 606.14 پوائنٹس یا 1.52 فیصد کی نچلی سطح پر آگیا تھا تاہم اختتامی لمحات میں قدرے بہتری ریکارڈ کی گئی۔

اس سے قبل بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تقریبا 3 بج کر 19 منٹ پر 590 پوائنٹس یا 1.46 فیصد کمی کے بعد 39 ہزار 860 پوائنٹس پر آ گیا تھا۔

ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے سلمان نقوی نے بتایا کہ دھماکے کی خبریں ملنے کے تھوڑی دیر بعد ہی انڈیکس میں کمی آنا شروع ہو گئی۔

انہوں نے روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر عوامل کا بھی حوالہ دیا جو آنے والے مہینوں میں مہنگائی میں اضافہ کریں گے اور شرح سود میں بھی مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹریز کے منیجر ایکویٹی محمد ارباش نے بھی سلمان نقوی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے چند مہینوں میں زیادہ مہنگائی کی توقع کے علاوہ سیاسی صورتحال سے سرمایہ کاروں کے جذبات متاثر ہو رہے ہیں۔

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے بتایا کہ انڈیکس گزشتہ ہفتے ہونے والے اضافے کو کھو رہا ہے، یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا تعطل کے شکار عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پروگرام کو دیر سے بحال کرنے کے لیے پاکستان کی جانب اقدمات کرنا کافی ہوگا یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر قرض پروگرام بحال ہو جاتا ہے تب بھی جون میں آئی ایم ایف پروگرام ختم ہونے کے بعد ملک کی توازن ادائیگی کی صورتحال کے حوالے سے موجودہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں خدشات برقرار رہیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں