پاک پتن: طلبہ کے جنسی استحصال کے الزام پر ٹیچر معطل

04 فروری 2023
استاد کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پاک پتن نے ان کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد معطل کیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
استاد کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پاک پتن نے ان کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد معطل کیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

پاک پتن کے گاؤں چک چنوت کے ایک سرکاری پرائمری اسکول کے ایک استاد کو کم سن طلبہ کو جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کے الزام پر ملازمت سے معطل کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر (ایجوکیشن) عبدالمجید نے ڈان کو بتایا کہ مذکورہ استاد کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پاک پتن نے ان کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد معطل کیا۔

مذکورہ بالا اسکول کے طلبہ کے والدین نے شکایات درج کرائی تھیں اور ڈپٹی کمشنر قدرت اللہ قیوم سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

جس کے بعد ضلع کے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے گورنمٹ ہائی اسکول کرتارپور کے ہیڈ ماسٹر لیاقت علی کی سربراہی میں ان الزامات کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی بنائی تھی۔

عبدالمجید نے کہا کہ محکمہ مزید کارروائی کے لیے انکوائری کی رپورٹ کا انتظار کررہا ہے۔

ذرائع سے ڈان کو معلوم ہوا کہ ملکہ ہنس پولیس نے بھی اسکول کا دورہ کیا اور معاملے کی ابتدائی چھان بین کی۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کی تحصیل صادق آباد کے علاقے بھٹہ واہن میں مدرسے کے استاد نے ایک ہفتے کے دوران اپنے پانچ کمسن طلبہ کا مبینہ طور پر ریپ کردیا تھا۔

طلبہ نے اپنے والدین کو بتایا تھا کہ ان کے استاد نے پانچ طلبہ کو ریپ کیا جن کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں صدر بارونی تھانے کی حدود میں آٹھویں جماعت کی ایک طلبہ کو اغوا کرکے تین ملزمان نے مبینہ طور پر اس کا گینگ ریپ کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں