ایف 9 پارک ریپ کیس کی ذمہ دارانہ اور جامع تحقیقات کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 08 فروری 2023
نیشنل کمیشن برائے حیثیتِ خواتین نے خط میں کہا کہ ہم نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے— فائل فوٹو: اے پی
نیشنل کمیشن برائے حیثیتِ خواتین نے خط میں کہا کہ ہم نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے— فائل فوٹو: اے پی

قومی کمیشن برائے حیثیتِ خواتین (این سی ایس ڈبلیو) نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایف نائن پارک ریپ کیس کی منصفانہ، محتاط اور جامع تحقیقات کی جائیں گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی جی اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں این سی ایس ڈبلیو نے کہا کہ ’ہم نے خبروں میں رپورٹ ہونے والے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس میں ایف نائن پارک میں بندوق کی نوک پر ایک لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کیا گیا ہے، یہ واقعہ خواتین کے بنیادی آئینی حقوق اور ان کے جینے کے حق کی سراسر خلاف ورزی ہے‘۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ’کمیشن، پولیس سے توقع کرتا ہے کہ مجرمان کو سزا دلوانے کے لیے واقعے کی منصفانہ، محتاط اور جامع تحقیقات کی جائیں گی اور متعلقہ تفتیشی افسر کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی جب موجودہ حالات میں منصفانہ تفتیش ناگزیر ہوچکی ہے‘۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ قانون کے مطابق اس کمیشن کو اطلاع دے کر فوری طور پر کارروائی کی جائے گی۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اسلام آباد میں سال 2022 کے دوران اغوا اور ریپ کے 954 واقعات رونما ہوئے جبکہ 2021 میں ان کیسز کی تعداد 667 تھی۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں مجرمانہ سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں لیکن متعلقہ افسران کی توجہ مقدمات کا اندراج نہ کرانے پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال دارالحکومت میں 13 ہزار 93 مجرمانہ سرگرمیاں ہوئیں لیکن پولیس نے صرف 11 ہزار 332 مقدمات درج کیے، اس وجہ سے غیر رجسٹرڈ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد سزا سے بچ جاتے ہیں۔

ایک اور خاتون کا بندوق کی نوک پر گینگ ریپ

اسلام آباد کے دیہی علاقے میں ایک اور خاتون کو بندوق کی نوک پر گینگ ریپ کا نشانہ بنادیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں ایف نائن پارک ریپ کیس کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقے میں متاثرہ خاتون کو اس کے گھر میں گھس کر گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔

متاثرہ خاتون کی شکایت پر کرپا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ ہتھیاروں سے لیس 2 افراد نے ان کے گھر پر دھاوا بولا اور بندوق کی نوک پر ان کا گینگ ریپ کردیا۔

متاثرہ خاتون نے مزید بتایا کہ دیگر 3 افراد باہر ہی موجود تھے جنہوں نے بعد میں گھر میں داخل ہوکر ان پر تشدد کیا۔

پولیس نے مزید کہا کہ متاثرہ خاتون کا مؤقف ہے کہ ملزمان ان کے شوہر کے رشتہ دار تھے اور اپنی کزن کے ساتھ اس کی شادی پر ناخوش تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں