بجلی صارفین پر 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ سرچارج عائد کرنے کی منظوری

07 مارچ 2023
نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکم مارچ سے آئندہ 4 ماہ کے لیے ملک بھر میں بجلی کے صارفین پر 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیپرا کی جانب سے یہ فیصلہ حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے، ساتھ ہی یہ واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں یہ سرچارج ایک روپے 43 پیسے رہ جائے گا۔

اضافی سرچارجز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر عائد کیے گئے ہیں تاکہ پاور سیکٹر کے قرضوں اور واجبات کی مالی اعانت کی جاسکے اور بتدریج گردشی قرضے کو کم کیا جائے جو دسمبر 2022 کے آخر تک 2 کھرب 60 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

گزشتہ ہفتے عوامی سماعت کے دوران نیپرا کے چیئرمین اور چاروں ارکان درخواست مسترد کرتے ہوئے بار بار یہ سوال اٹھاتے رہے کہ بجلی کے شعبے کے قرضوں کی مالی اعانت کے لیے صارفین پر سرچارج کیوں عائد کیے جائیں جبکہ ان میں اضافہ پاور کمپنیوں کی نااہلی، خراب گورننس اور بےانتظامی کی وجہ سے ہوا۔

تاہم نیپرا نے وزارت قانون و انصاف کی جانب سے دی گئی ’قانونی رائے‘ کی بنیاد پر اپنا مؤقف تبدیل کرلیا، نیپرا کا کہنا تھا کہ وزارت قانون نے رائے دی ہے کہ ’کوئی بھی سرچارج عائد کیا جاسکتا ہے اور وفاقی حکومت سرکاری گزٹ میں اسے نوٹیفائی کرے گی‘۔

نیپرا نے مزید کہا کہ ’سیکشن 31(8) کے بعد والے حصے میں اس طرح کے سرچارج کا ذکر کیا گیا ہے، نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفائی کیے جانے والے ایکٹ کے تحت طے کیا ہے کہ یہی ٹیرف میں بھی شامل کیا جائے گا، اس تناظر میں نیپرا اس کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست پر غور کر سکتا ہے‘۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ’نیپرا نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ سے جون 2023 اور 24-2023 کے لیے صارفین کے مختلف زمروں (سابق واپڈا ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین) سے پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے قرضوں کے مارک اپ چارجز کے لیے سرچارج کی وصولی کی اجازت دی جائے گی۔

نیپرا کے حکم نامے کے تحت حکومت اب 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے زرعی اور رہائشی صارفین پر 43 پیسے فی یونٹ سرچارج وصول کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، دیگر تمام صارفین کی کیٹیگریز بشمول کمرشل، صنعتی، جنرل سروسز اور دیگر گھریلو سیکٹر میں 300 یونٹس سے زیادہ بجلی کے استعمال پر 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا، سرچارج کے نفاذ میں سابق واپڈا ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین میں کوئی تفریق نہیں کی جائے گی۔

اس لحاظ سے 24-2023 میں سرچارج کا کُل اثر 335 ارب روپے ہوگا، نیپرانے کہا کہ ان اضافی سرچارجز کے ساتھ مارچ سے جون 2023 کی مدت تک 75 ارب روپے کی اضافی رقم بلز میں چارج کی جائے گی، جس کے تحت 90 فیصد کی متوقع وصولی کے ساتھ تقریباً 68 ارب روپے صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں