پاکستان اور افغانستان کے مابین ٹی 20 میچز کی سیریز 25 مارچ سے شارجہ میں کھیلی جائے گی

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2023
دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی دوطرفہ سیریز ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی
دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی دوطرفہ سیریز ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی

افغانستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر شارجہ میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کرے گا۔

یہ ٹی 20 سیریز دونوں ممالک کے درمیان پہلی دوطرفہ کرکٹ سیریز ہوگی۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے کہا کہ ان کی ہوم سیریز کا آغاز پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے ہوگا۔

ایک بیان میں بورڈ نے کہا کہ ’افغانستان کے بین الاقوامی ہوم سیزن برائے سال 24-2023 کا آغاز پاکستان کے خلاف ٹی 20 میچز کی سیریز سے ہوگا جو 25، 27 اور 29 مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ افغانستان رواں برس مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچز کی بین الاقوامی سیریز سے اپنے سیزن کا آغاز کرنے والا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر احتجاجاً کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر 2021 میں اسی وجہ سے ٹیسٹ میچ کے لیے افغانستان کی میزبانی کرنے سے انکار کردیا تھا۔

دوسری جانب افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ میرواعظ اشرف نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ میچ کھیلنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم مارچ میں افغانستان کے ساتھ کھیلنے کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، یہ دونوں ہمسایہ ممالک کے لیے نمایاں کامیابی ہے‘۔

خیال رہے کہ افغانستان پاکستان میں کثیر الملکی سیریز میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 4 ون ڈے میچز کھیل چکا ہے جس میں کسی ایک میں اسے کامیابی نہیں ملی۔

تاہم یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی دو طرفہ سیریز ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے سیریز کا خیر مقدم کیا۔

پی سی بی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین افتتاحی ٹی 20 سیریز رواں ماہ کے اختتام پر اس شہر میں کھیلی جائے گی جہاں بڑی تعداد میں تارکین وطن رہتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ دونوں ممالک کے کرکٹرز کی حمایت کی‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں