ہونڈا نے کاروں کی قیمتیں بڑھا دیں

15 مارچ 2023
ہونڈا نے شرح تبادلہ اور 1400 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافے کا اثر صارفین کو منتقل کردیا— فائل فوٹو:شٹر اسٹاک
ہونڈا نے شرح تبادلہ اور 1400 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافے کا اثر صارفین کو منتقل کردیا— فائل فوٹو:شٹر اسٹاک

ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) نے شرح تبادلہ اور 1400 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کو 25 فیصد کرنے کا اثر صارفین کو منتقل کرتے ہوئے مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہونڈا سٹی ایم ٹی 1.2 ایل، سی وی ٹی 1.2 ایل، سی وی ٹی 1.5 ایل، ایسپائر ایم ٹی 1.5 ایل، اور ایسپائر سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمتیں بڑھا کر 47 لاکھ 99 ہزار روپے، 49 لاکھ 29 ہزار روپے، 55 لاکھ 49 ہزار روپے، 57 لاکھ 59 ہزار روپے اور 59 لاکھ 79 ہزار روپے کر دی گئیں، جو اس سے قبل 45 لاکھ 79 ہزار، 47 لاکھ 29 ہزار، 50 لاکھ 19 ہزار، 52 لاکھ 29 ہزار اور 54 لاکھ 19 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔

اسی طرح بی آر۔وی سی وی ٹی ایس، ایچ آر وی۔وی ٹی آئی، ایچ آر وی۔وی ٹی آئی ایس، ہونڈا سوک 1.5 ایل سی وی ٹی، 1.5 ایل اوریل ایم سی وی ٹی اور آر ایس 1.5 ایل- ایل ایل سی وی ٹی اب 65 لاکھ 29 ہزار روپے، 78 لاکھ 99 ہزار روپے، 81 لاکھ 99 ہزار روپے، 85 لاکھ 99 ہزار روپے، 89 لاکھ 49 ہزار روپے اور ایک کروڑ ایک لاکھ 99 ہزار روپے میں فروخت کی جائیں گی، جن کی پہلے قیمتیں 59 لاکھ 49 ہزار روپے، 71 لاکھ 99 ہزار روپے، 73 لاکھ 99 ہزار روپے، 77 لاکھ 79 ہزار روپے، 80 لاکھ 99 ہزار روپے اور 91 لاکھ 99 ہزار روپے تھیں۔

خیال رہے کہ 11 مارچ کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق آٹو اسمبلرز نے جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کا اثر صارفین کو منتقل کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانا شروع کر دی تھیں۔

لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔

ایک ڈیلر نے بتایا تھا کہ 1400 سی سی گاڑیوں کی 25 فیصد جی ایس ٹی 8 مارچ 2023 سے نافذ العمل ہے اور اس اضافے کا اثر متعدد اسمبلرز کی جانب سے ممکنہ طور پر جلد منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ڈان کی رپورٹ کے مطابق آٹو سیکٹر پر سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں اور فروری میں کاروں، وینز، پک اَپس کے علاوہ ہلکی کمرشل گاڑیوں (ایل سی ویز) کی مجموعی فروخت سالانہ بنیاد پر 73 فیصد کم ہو کر 5 ہزار 762 یونٹس رہ گئی، یہ تعداد مئی 2020 میں 4 ہزار 500 یونٹس کے بعد ماہانہ فروخت کی سب سے کم تعداد ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں