آرمی چیف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے خواہاں

15 مارچ 2023
جنرل سید عاصم منیر نے وانا میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی—فائل فوٹو: اسکرین گریب
جنرل سید عاصم منیر نے وانا میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی—فائل فوٹو: اسکرین گریب

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور اجتماعیت کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے پاک-افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات بھی کی ۔

جنرل عاصم منیر نے انسداد دہشت گردی اور فارمیشن کی سماجی اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا جو پائیدار ترقی اور استحکام کے لیے کلیدی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ انہوں نے مختلف ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

جنرل سید عاصم منیر نے وانا میں یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فارمیشن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں پر انہیں آپریشنل تیاریوں، تربیت اور سیکیورٹی امور بلخصوص نئے ضم ہونے والے اضلاع کی ترقی سے متعلق امور بارے بریفنگ دی گئی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان شا اللہ پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔

واضح رہے کہ 9 مارچ کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک سیکیورٹی اور پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی تھی۔

آرمی چیف نے مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ ’مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں