کراچی: گبول ٹاؤن میں فیکٹری میں آتشزدگی، عملہ آگ بجھانے میں مصروف

آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی شدت کا تعین نہیں ہوسکا—فوٹو: ڈان نیوز
آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی شدت کا تعین نہیں ہوسکا—فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن کے سیکٹر بی-16 میں واقع ایک فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

گبول ٹاؤن پولیس کی جانب سے میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ فائر بریگیڈ کے ٹرک جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کی ٹیمیں بھی جائے وقوع پر موجود ہیں۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی شدت کا تعین نہیں ہوسکا، اس حوالے سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بولٹن مارکیٹ کے قریب شاہراہ لیاقت پر واقع ایک تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی تھی جبکہ تقریباً 100 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ عمارت میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے سبب تقریباً 15 سے 20 دفاتر کو نقصان پہنچا تھا۔

حالیہ کچھ عرصے میں کراچی میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، گزشتہ برس جون میں کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں قائم نظارت میں آگ لگنے سے 4 سو 40 موٹرسائیکلیں، کاریں، ایک بس، رکشے جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔

قبل ازیں کراچی میں نجی سپر اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جیل چورنگی پر واقع نجی سپر اسٹور کے تہہ خانے میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے گودام میں بھڑکنے والی اس آگ پر کئی روز گزرنے کے بعد بالآخر قابو پالیا گیا تھا۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے پاک کالونی کے قریب لاشاری محلے میں فوم کے گودام میں خوفناک آتشزدگی کے دوران بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا، فوم بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر ایک درجن سے زائد فائر انجنز نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پایا۔

قبل ازیں صبا سینما کے قریب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں ایک تولیہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں