مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملہ، پانچ فوجی ہلاک

20 اپريل 2023
بھارتی فوج کے مطابق ٹرک پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گرینیڈ سے بھی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فوج کے مطابق ٹرک پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گرینیڈ سے بھی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

جموں و کشمیر کے علاقے پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دفاعی ترجمان کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ واقعہ جمعرات کی دوپہر سوا تین بجے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں پیش آیا۔

ابتدائی طور پر یہ کہا گیا تھا کہ واقعہ ممکنہ طور پر آسمانی بجلی گرنے کے سبب پیش آیا لیکن بعدازاں اسے نامعلوم عسکریت پسندوں کی فائرنگ اور گرینیڈ حملے کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک ضلع پونچھ میں بھمبیر گلی سے سنگیوت کی جانب رواں دواں تھا۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ آج دوپہر تین بجے ضلع پونچھ میں بھمبیر گلی سے سنگیوت جانے والی بھارتی فوج کے ٹرک میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار پانچ فوجی ہلاک اور جبکہ چھٹا زخمی ہو گیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کے ٹرک پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گرینیڈ سے بھی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں آگ لگ گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے ذمے داران کی تلاش جاری ہے۔

وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

پونچھ سے90 کلومیٹر کی مسافت پر واقع راشتریہ رائفلز سیکٹر 13 کے کمانڈر موقع پر پہنچے اور ہدایات جاری کیں۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ سال بھی پیش آیا تھا جب زائرین کو جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں زائرین کو وشنو دیوی مندر لے جانے والی بس میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں