بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کی پچاسویں سالگرہ پر شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے اسٹینڈ کا نام اُن کے نام پر رکھ دیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سابق بھارتی کپتان کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اعلان کیا گیا کہ ’ویسٹ اسٹینڈ‘ کا نام بدل کر ’سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ‘ رکھ دیا گیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے آسٹریلیا کے خلاف اپریل 1998 میں اسٹیڈیم میں ریت کے طوفان کی وجہ سے 25 منٹ تک کھیل میں خلل کے بعد ’ڈیزرٹ اسٹارم‘ کے نام سے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 143 رنز بنائے تھے۔

سچن ٹنڈولکر نے اپنی پچیسویں سالگرہ پر 143 رنز کی شاندار باری کھیل کر سہ ملکی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

شارجہ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ میں سالگرہ والے دن ان کے جشن کو نہیں بھول سکتا، اس نے تمام تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا تھا اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ وہاں پر موجود تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دن صرف سچن ٹنڈولکر کے لیے خاص دن نہیں تھا بلکہ تمام لوگوں کے لیے خاص تھا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ نے بھی سچن ٹنڈولکر کو خراج تحسین پیش کیا اور دروازوں کے نام ان کے اور ویسٹ انڈیز کے بلے باز برائن لارا کے نام پر رکھے۔

یاد رہے کہ سچن ٹنڈولکر 2013 میں ریٹائر ہو گئے تھے، انہوں نے اپنے 24 سالہ کیریئر کے دوران 100 سنچریاں اسکور کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں