شوہر نے مجھ سے شادی سے قبل پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی، غنا علی

اپ ڈیٹ 12 مئ 2023
اداکارہ نے مئی 2021 میں شادی کی تھی —فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے مئی 2021 میں شادی کی تھی —فوٹو: انسٹاگرام

مئی 2021 میں پہلے سے شادی شدہ اور بچوں کے والد سے شادی کرنے والی اداکارہ غنا علی نے دعویٰ کیا ہے کہ شوہر نے ان سے شادی سے قبل پہلی بیوی کو خود ہی طلاق دے دی تھی۔

اداکارہ نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص عمیر سے شادی کی تھی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

غنا علی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے پیسوں کی خاطر پہلے سے شادی شدہ اور بچوں کے والد سے شادی کی اور انہوں نے دوسری خاتون کا گھر بھی برباد کیا۔

علاوہ ازیں ان پر پیسوں کی لالچ میں زائدالعمر اور زائد الوزنی شخص سے بھی شادی کا الزام لگایا گیا تھا اور اداکارہ نے ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کسی خاتون کا گھر برباد نہیں کیا۔

اب غنا علی نے پہلی بار شوہر کی پہلی شادی سے متعلق کھل کر بات کرنے سمیت شادی کے بعد پیش آنے والی مشکلات پر بھی گفتگو کی ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں ’بول ٹی وی‘ پر متھیرا کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی شدہ شخص سے دوسری شادی کرنے سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے اور ان کا خاندان ابھی بھی وہاں رہائش پذیر ہے لیکن انہوں نے شوبز کیریئر میں مقام بنانے کے لیے کراچی کا رخ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شوبز میں کام کرنے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ اور خصوصی طور پر ان کے والد ان سے سخت ناراض تھے لیکن بعد ازاں ان کی بڑی بہن نے ان کے اور گھر والوں کے درمیان صلح کروائی۔

غنا علی نے بتایا کہ ان کے خاندان کا شوبز سے دور دور کا کوئی تعلق نہیں، جس وجہ سے انہیں کیریئر کے شروع میں مشکلات بھی پیش آئیں۔

شادی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ عمیر سے ان کی کافی عرصے سے دوستی تھی جو بعد ازاں رشتے میں تبدیل ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل عمیر نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی اور ان کی سابق بیوی کو شوہر کی ہر بات کا علم تھا۔

اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر نے بیوی کو طلاق سے قبل واضح طور پر بتایا تھا کہ وہ غنا علی سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔

غنا علی کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر اور ان کی سابق اہلیہ کے درمیان اچھے تعلقات نہیں تھے اور ان کے درمیان اختلافات رہتے تھے اور انہیں ان اختلافات کا سبب معلوم نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں علم تھا کہ وہ شادی شدہ شخص سے شادی کرنی کی قیمت ادا کریں گی اور ان پر دوسری خاتون کا گھر برباد کرنے کا الزام لگایا جائے گا۔

غنا علی کے مطابق شادی کے بعد ان پر کئی طرح کے سنگین الزامات لگائے گئے اور یہ انہیں یہ جھوٹ بھی بولا گیا کہ ان کے شوہر کی سابق بیوی نے خود کشی کرلی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پرانے خیالات کی مالک ہیں اور وہ شادی کے بعد شوہر کی سرپرستی اور ان کے زیادہ محترم ہونے کی حامی ہیں۔

ان کے مطابق شادی کے بعد وہ شوہر کے فیصلوں کو زیادہ اہمیت دینے کی حمایت یافتہ ہیں اور وہ اسی سوچ کی مالک ہیں۔

اپنے حافظ قرآن ہونے سے متعلق پوچھے جانے کے سوال پر غنا علی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے بہت سارے لوگ ان سے متعلق بات جانتے ہیں کہ وہ انہوں نے قرآن حفظ کر رکھا ہے۔

شادی کے بعد جلد ماں بننے کے سوال پر غنا علی نے بتایا کہ ان کا اور ان کے شوہر کا جلد والدین بننے کا پروگرام نہیں تھا لیکن وہ خدا کی رضامندی پر راضی رہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ماں بننے کے بعد شادی شدہ شخص سے شادی کرنے کی وجہ سے ملنے والی مشکلات آسان ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں