اداکارہ غنا علی کے ہاں بچے کی پیدائش

24 نومبر 2021
غنا علی نے مئی میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
غنا علی نے مئی میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ غنا علی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی نوزائیدہ بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔

غنا علی نے رواں برس 17 مئی کو کراچی کے کاروباری شخص عمیر گلزار سے شادی کی تھی، اب انہوں نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کی تصدیق کردی۔

غنا علی نے 23 نومبر کی شب کو انسٹاگرام پر نوزائیدہ بیٹی اور شوہر عمیر گلزار کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔

اداکارہ نے بیٹی کی پیدائش پر جذباتی پیغام لکھا کہ بچے کی پیدائش کے وقت نہ صرف بچے کا جنم ہوتا ہے بلکہ اس وقت ایک ماں بھی جنم لیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ غنا علی کا 'نئی زندگی' کا آغاز

غنا علی نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا نام فائجہ عمیر رکھا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے بیٹی کو اپنے لیے خدا کی جانب سے سب سے اچھا اور خوبصورت تحفہ قرار دیا۔

اداکارہ و ماڈل نے مداحوں سے بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

غنا علی نے پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش کب ہوئی اور نہ ہی انہون نے بتایا کہ وہ تاحال ہسپتال میں ہیں یا نہیں؟

مزید پڑھیں: غنا علی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع

اداکارہ کی جانب سے بیٹی کی پیدائش سے متعلق کی گئی پوسٹ پر کئی شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی ان کی اور بچی کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

غنا علی کے شوہر پہلے بھی شادی شدہ تھے—فوٹو: انسٹاگرام
غنا علی کے شوہر پہلے بھی شادی شدہ تھے—فوٹو: انسٹاگرام

غنا علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش سے قبل گزشتہ ہفتے ان کے ہاں جڑواں بچوں کی افواہیں پھیلی تھیں، جن پر انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔

غنا علی نے رواں برس ستمبر میں تصدیق کی تھی ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے، انہوں نے رواں برس 17 مئی کو خاموشی سے شادی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر پر غنا علی کی وضاحت

شادی کے بعد ان پر الزامات لگائے گئے تھےکہ انہوں نے دولت کی خاطر پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ سے شادی کی ہے، جس پر انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے سےہی شادی شدہ تھے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی پہلی شادی ختم ہو چکی ہے یا نہیں؟

اسی طرح انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے شوہر اتنے زیادہ دولت مند نہیں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں