مئی میں گاڑیوں کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ

اپ ڈیٹ 13 جون 2023
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی گاڑیوں کی مئی میں ماہانہ بنیادوں پر فروخت 101 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 958 یونٹس رہی— فائل فوٹو: سوزوکی فیس بک
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی گاڑیوں کی مئی میں ماہانہ بنیادوں پر فروخت 101 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 958 یونٹس رہی— فائل فوٹو: سوزوکی فیس بک

پاکستان میں کاریں، جیپس، پک اَپس اور وینز کی فروخت مئی میں ماہانہ بنیادوں پر 19 فیصد بہتری کے بعد 5 ہزار 290 یونٹس ہوگئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر اس میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023 کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر ان گاڑیوں کی فروخت 52 فیصد کمی کے بعد ایک لاکھ 20 ہزار 158 یونٹس رہ گئی، جس کی بنیادی وجہ سی کے ڈیز کی عدم دستیابی، کاروں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، مہنگے قرضے اور صارفین کی قوت خرید کا کم ہونا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی گاڑیوں کی مئی میں ماہانہ بنیادوں پر فروخت 101 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 958 یونٹس رہی، جس کی وجہ پارٹس کی دستیابی تھی جبکہ مالی سال 2023 کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران فروخت 54 فیصد گر کر 62 ہزار 354 یونٹس رہ گئی۔

ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ کی ماہانہ بنیادوں پر 58 فیصد کی سب سے زیادہ کمی کے بعد 87 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جس کی وجہ پارٹس کی قلت ہے جبکہ مالی سال 2023 میں جولائی تا مئی کے دوران یہ تعداد 53 فیصد گر کر 16 ہزار 572 یونٹس رہ گئی۔

ہنڈائی نشاط کی فروخت میں مئی میں ماہانہ بنیادوں پر 31 فیصد کمی ہوئی، جب ان گاڑیوں کے 503 یونٹس فروخت ہوئے، تاہم رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران ان گاڑیوں کی فروخت 19 فیصد گر کر 9 ہزار 130 یونٹس رہ گئی۔

انڈس موٹر کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت مئی میں ماہانہ بنیادوں پر 12 فیصد تنزلی کے بعد 1718 یونٹس رہ گئی، جبکہ مالی سال 2023 کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران یہ تعداد 57 فیصد گھٹ کر 29 ہزار 258 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

مالی سال 2023 کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران ٹریکٹرز کی کل فروخت (ملت اور فیاٹ) 46 فیصد کمی کے بعد 27 ہزار 952 یونٹس رہ گئی، حالانکہ اپریل کے 3211 کے مقابلے میں مئی میں 9 فیصد بہتری کے بعد 3508 ٹریکٹرز فروخت ہوئے۔

مالی سال 2023 کے ابتدائی 11 مہینے کے دوران موٹرسائیکلوں کی فروخت 34 فیصد تنزلی کے بعد 10 لاکھ 85 ہزار یونٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ 38 فیصد کمی کے بعد 3 ہزار 687 ٹرک اور بسیں فروخت ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں