آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے مدد کی، وزیراعظم

20 جون 2023
وزیر اعظم نے 1200میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو:اے پی پی
وزیر اعظم نے 1200میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کیا—فوٹو:اے پی پی
وزیرعظم نے پولیس لائنز اسلام آباد میں ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیرعظم نے پولیس لائنز اسلام آباد میں ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعظم شہباز شریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ پیش کیا—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ پیش کیا—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ وین میں سوار ہوکربچوں کی حوصلہ افزائی کی—فوٹو:اے پی پی
وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ وین میں سوار ہوکربچوں کی حوصلہ افزائی کی—فوٹو:اے پی پی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کےلئے پرعزم ہے، چین کی جانب سے3ارب 48کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی۔

منگل کو1200میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں وزیراعظم کی موجودگی میں چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے گئے۔

اس موقع پر وفاقی وزرا سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، احسن اقبال، خرم دستگیر کے علاوہ چینی حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں آج قوم کو مبارکباد پیش کرتاہوں کہ آج سی5جوہری توانائی منصوبے کی تعمیرکی مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں، اس منصوبے سے 1200میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، یہ منصوبہ میاں نواز شریف کے دور میں لگانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا تھا، اس کی شرائط طے ہوگئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا ، اب اس منصوبے کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پرلاگت 2017 کی ہی رکھی گئی ہے اور چینی حکومت نے افراط زرکے مطابق لاگت بڑھنے کے باوجود تقریباً 30 ارب روپے کی رعایت بھی دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی ززرا احسن اقبال، خرم دستگیر اور پاکستان کی نئی عسکری قیادت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس پر بڑی محنت کی اور دلچسپی لی، چشمہ فائیو منصوبہ سول اور فوجی قیادت کے ایک صفحہ پر ہونے کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی فائیومنصوبہ پاکستان اورچین کے درمیان اقتصادی تعاون کی اعلیٰ مثال ہے، چند ماہ قبل کراچی میں کے تھری کا افتتاح کیا، آج سی فائیوکاسنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، توقع ہے کہ بغیرکسی تاخیرکے اس منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں چین کی جانب سے 3.48 بلین ڈالر کے اس منصوبہ میں سرمایہ کاری واضح پیغا م ہے کہ پاکستان ایک ایسا مقام ہے جہاں چینی کمپنیاں اورسرمایہ کار تسلسل کے ساتھ پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں، یہ اس کا عکاس ہے کہ ہماری دوستی ہمالیہ سے بلند ، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدرشی جن پنگ نے اس دوستی کو آئرن برادرز کا نام دیا ہے، پاکستان کو اقتصادی مشکلات کا سامنا تھا اورنویں ریویوکے لئے آئی ایم ایف کےساتھ بات چیت ہورہی تھی ، آئی ایم ایف کی طرف سے جو شرائط عائد کی گئیں ان سب کو ہم نے پورا کیاا س کے باوجود اس میں غیر معمولی تاخیرکی گئی، چین نے ایک مرتبہ پھر ہماری مدد کی، یہ دوستی اس ضرب المثل کی ایک عمدہ مثال ہے کہ’دوست وہ جو مشکل میں کام آئے’ ۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے علاوہ ہمارے عظیم دوست سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے پاکستان کی مدد کی اور اب بھی کررہے ہیں، اس مشکل وقت میں چین کی مالی مدد اہم ہے اس پرچینی صدر شی جن پنگ اور ان کی ٹیم کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی ٹیم کی اس معاہدے کےلئے دن رات کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا، چینی ناظم الامور اوردیگر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میاں نواز شریف کا وژن ہے ، انہو ں نے 1993میں پہلی بار چین کے ساتھ جوہری توانائی کا معاہدہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چینی قیادت نے پاکستان کی جو بے مثال مدد کی ہے اور قرضہ جات کی تجدید کی ہے، یہ بے مثال دوستی کا بہترین نمونہ ہے، چین پاکستان کے ان بااعتماد دوستوں میں شامل ہے جو ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اورکویت نے ہماری معاونت کی ، ہم دوستوں کی مدد اور معاونت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

پولیس لائنز اسلام آباد میں ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد

اسلام آباد میں پولیس لائنز ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ یہاں پر ڈولفن فورس بنانے کا پروگرام بنایا گیا ہے جس کے لیے میں وزیر داخلہ کو کہوں گا کہ فی الفور یہ پلان تیار کریں اور اسلام آباد کی ڈولفن فورس ترکی کے تعاون کے ساتھ بنائیں گے جو پورے پاکستان میں ماڈل فورس ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس فورس کی تیار ی لیے نوجوانوں کو ترکی بھجیں گے اور وہاں سے انسٹرکٹر یہاں بلوائیں گے، میں وزیر داخلہ سے اس کے لیے ایک جامع پلان لانے کی درخواست کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو مضبوط بنانے کے لیے مشکل معاشی حالات کے باوجود تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے، اگر تمام محکموں میں مریٹ پر بھرتیاں ہوں گی تو کوئی اس قوم کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکے گا، سفارش، رشوت اور برادری ازم نے ملک میں بے پناہ نقصان کیا ہے، میری اور نواز شریف کی ہمیشہ یہ پالیسی رہی ہے کہ قابلیت اور میرٹ وہ معیار ہے جس کی بنیاد پر قوم کے ہر جوان کو پرکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا

وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا، 10.4کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرے گی، یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، اس منصوبے پر2 ارب 69کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ،سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کا آغاز جون 2021 میں کیا گیا, دسمبر2022 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا، اس منصوبے میں شاہ اللہ دتہ کے مقام پر ایک انڈر پاس شامل کیا گیا جس کی وجہ سے اس کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں تبدیلی آئی، اس شاہراہ سے جی ٹی روڈ سنگجانی سے ڈی 12 تک کا سفر کم ہوکر کچھ منٹ کا رہ گیا، اس کی وجہ سے سری ینگر ہائی وے پر ٹریفک کا بہاؤ کم ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی لیبر اور تعمیراتی مواد سے متعلق انڈسٹری کو فروغ ملا، اس شاہراہ سے اس علاقے کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، اس شاہراہ کے اطراف میں سی ڈی اے کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی ہے، اس موقع پر وزیراعظم کو اس منصوبے کا ماڈل پیش کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا فون، کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہارِ افسوس

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرکے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہارِ افسوس کیا۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے صدر نےکشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کیلئے ترک حکومت اور عوام کی طرف سے ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔

صدر رجب طیب اردوان نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے تعزیت اور ہمدردی کے جذبات پرترک صدرکا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ترک صدر اور ترک عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا پاکستان سویٹ ہومز کو 4 ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ

وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ پیش کیا، ٹرانسپورٹ وینز کی چابیاں پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرپرسن زمرد خان کے حوالے کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کیڈٹ کالج میں زیرتعلیم بچوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ زمرد خان نے جو بیڑہ اٹھایا ہے اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر عطا فرمائے۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور قوم کے عظیم معمار بنیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں۔

اس موقع پر زمرد خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ (ن) کےدیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ وین میں سوار ہوکربچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت کریں، انجینئرز، ڈاکٹرز، سائنس دان،زرعی اور آئی ٹی کے ماہر بنیں اور پاکستان کی خدمت کریں، ہم نے مل کر پاکستان کوصحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے۔

اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی ، بچوں نے پاکستان اوروزیراعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

تبصرے (0) بند ہیں