امید ہے اگلی سلیکشن کمیٹی ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دے گی، ہارون رشید

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2023
ہارون رشید نے دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کیا تھا— فوٹو: پی سی بی
ہارون رشید نے دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کیا تھا— فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید نے سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے بعد آنے والے چیف سیکٹر کھلاڑیوں کے دستیاب پول کا مناسب طریقے سے استعمال کریں تو یہ جیت پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں فتح کا مثبت پہلو یہ ہے کہ یہ سری لنکا میں حاصل کی گئی اور کپتان بابر اعظم کی جانب سے بلے بازی کی کوئی بڑی شراکت کیے بغیر یہ کامیابیاں حاصل کی گئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ٹیم میں کئی میچ ونر شامل ہیں۔

سابق سلیکٹر نے پاکستان شاہینز کی اس ٹیم کا بھی انتخاب کیا تھا جس نے رواں ماہ کے اوائل میں سری لنکا میں ایمرجنگ ایشیا کپ جیتا اور فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 128 رنز سے شکست دی تھی۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بلے باز نے مزید کہا کہ سری لنکا میں سینئر ٹیسٹ ٹیم اور شاہینز کی عمدہ کارکردگی اور بنگلہ دیش کے خلاف انڈر-19 ٹیم کے بہترین کھیل کے بعد پی سی بی کے پاس اب قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے 50 سے 55 کھلاڑیوں کا ایک پول دستیاب ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ تاہم اس بات کو یقینی بنانے کی بنیادی ذمہ داری اگلی سلیکشن کمیٹی کے کاندھوں پر ہے کہ دستیاب ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔

گال میں پہلا ٹیسٹ میچ چار وکٹوں سے جیتنے کے بعد اسپنر نعمان علی کی جانب سے سات وکٹوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو کولمبو ٹیسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 222 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

ہارون رشید نے کہا کہ نعمان، ابرار احمد اور پارٹ ٹائمر سلمان علی آغا کی اسپن باؤلنگ سری لنکا کے اسپن اٹیک کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوئی۔

انہوں نے سری لنکا میں سعود شکیل، سلمان علی آغا اور عبداللہ شفیق سمیت دیگر بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے بابر کے بلے سے رنز نہ نکلنے کے باوجود شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ان فتوحات کے ساتھ پاکستان نے 24-2023 کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا کامیابی کے ساتھ آغاز کرتے ہوئے پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں