سمندری طوفان ڈوکسوری جمعہ کی صبح جنوب مشرقی چین سے ٹکرایا، رہائشیوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر 4 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ میں چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے حوالے سے بتایا گیا کہ طوفان فوجیان صوبے کے ساحل پر پہنچنے کے بعد 175 کلومیٹر فی گھنٹہ (110 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوا کی رفتار ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق چین کے موسمیاتی آبزرویٹری نے رہائشیوں کو ممکنہ خطرے اور املاک کی تباہی کے خدشات کے سبب انتہائی شدید ’ریڈ الرٹ‘ جاری کردیا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا نے رپورٹ کیا کہ فوجیان میں 4 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

تائیوان کے ایک بڑے شہر زیامین میں شدید موسم کے سبب ایک بس اسٹیشن کی چھت اڑ گئی۔

توقع ہے کہ طاقتور طوفان ڈوکسوری وسطی چین کے اوپر شمال مغربی سمت میں بڑھتا رہے گا تاہم اس کی شدت بتدریج کمزور ہوتی جا رہی ہے۔

لیکن ژنہوا نے رپورٹ کیا کہ طوفان کی سطح کی ہوائیں ہفتے کی صبح 8 بجے تک تائیوان، فوجیان، ژیجیانگ اور گوانگ ڈونگ کے ساحلی علاقوں کو متاثر کریں گی۔

چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے بھی ملک کے وسیع حصوں میں بارش اور طوفان کے لیے اورنج الرٹ کی تجدید کی ۔

طوفان ڈوکسوری نے بدھ کے روز شمالی فلپائن میں درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو گرا دیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بجلی منقع ہو گئی جبکہ یہ طوفان لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا باعث بنا، فلپائن میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے جب کہ مزید 21 لاپتا ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں