اولمپکس کیلئے براہ راست کوالیفائی نہ کر سکے تو کوالیفائر کھیلنے پاکستان جائیں گے، صدر بھارتی ہاکی

02 اگست 2023
دلیپ ٹرکی نے کہا کہ ہم ہینگ ژو میں ٹورنامنٹ جیت کر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے— فوٹو شکریہ دی ہندو
دلیپ ٹرکی نے کہا کہ ہم ہینگ ژو میں ٹورنامنٹ جیت کر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے— فوٹو شکریہ دی ہندو

بھارتی ہاکی کے صدر دلیپ ٹرکی نے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم 2024 کے پیرس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہتی ہے تو وہ کوالیفائر کھیلنے کے لیے پاکستان جائے گی۔

بھارتی خبر رساں ادارے انڈین ایکسپریس کے مطاباق بھارتی ٹیم 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگ ژو میں شروع ہونے والے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے گی۔

تاہم ایسا نہ کرنے کی صورت میں اسے کوالیفائنگ میچز کھیلنا ہوں گے جو پاکستان اور اسپین میں سے کسی ایک جگہ منعقد ہوں گے۔

دلیپ ٹرکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہینگ ژو میں ٹورنامنٹ جیت کر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اگر ہم کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تو ہمیں کوالیفائر کھیلنا ہوں گے جس کے لیے پاکستان اور اسپین جیسے دو مقامات کے نام سامنے آئے ہیں۔

اگر بھارتی ٹیم کو کوالیفائر کھیلنے کے لیے پاکستان آنا پڑتا ہے تو اسے اس کے لیے پہلے بھارتی حکومت کی اجازت درکار ہو گی۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا کھلاڑی چین روانگی سے قبل ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیل کر انجری کا خطرہ مول لینے کی کوشش کریں گے تو انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو انجری تو وارم اپ میچ میں بھی ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر اہم میچ یا ٹورنامنٹ سے قبل ہم پریکٹس میچ کھیلتے ہیں تو کیا اس میں کھلاڑیوں کے انجری کا شکار ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا لہٰذا ہمیں اس ٹورنامنٹ کو ایشین گیمز کی تیاری کے لیے ایک مثبت پہلو تصور کرنا چاہیے۔

بھارتی ہاکی کے صدر نے کہا کہ ایشین گیمز میں اب بھی ایک ماہ سے زائد کا وقت باقی ہے، انجریز تو کسی پریکٹس میچ کے دوران بھی ممکن ہیں لہٰذا ہمیں اس کے بارے میں سوچنے کے بجائے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے مددگار ثابت نہیں ہو گی تو تمام چھ ٹیموں کو ہینگ ژو میں ہونے والے ایونٹ سے قبل گھر بیٹھنا چاہیے تھا، ان میں کچھ نے تو اس کے بعد بھی کچھ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں لہٰذا میرا ماننا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں