مصباح کی سربراہی میں پی سی بی کی تین رکنی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل

اپ ڈیٹ 02 اگست 2023
مصباح الحق کی زیر سربراہی تین رکنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مصباح الحق کی زیر سربراہی تین رکنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان مصباح الحق کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی قائم کردی ہے جس میں انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔

کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی مجموعی ڈومیسٹک ڈھانچے، شیڈول، پلیئنگ کنڈیشنز، نیشنل سلیکشن کمیٹی کی تقرری، نیشنل ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک معاہدوں اور امپائرز، ریفریز اور کیوریٹرز کی بہتری کے منصوبوں سمیت کرکٹ کے امور پر سفارشات پیش کرے گی۔

کرکٹ کمیٹی کو اضافی ماہرین کمیٹی میں شامل کرنے کے اختیارات ہوں گے اور یہ روزانہ کی بنیاد پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ میں ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کو خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں، یہ تین سابق کپتان کرکٹ کی شان دار معلومات رکھتے ہیں اور جدید دور کی کرکٹ کی بہت معلومات رکھتے ہیں۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والی قوم کا ستون ہوتا ہے اور ہمیں اپنے ڈھانچے کو بہترین انداز میں تیار کرنا ہے، مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی سے ہمارے کرکٹ سسٹم کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی تاکہ ہم بہترین کرکٹرز سامنے لاسکیں۔

کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے اپنی تقرری پر کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جس میں قابل احترام افراد شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی بڑی خدمت کی ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری میرے لیے چیلنج ہے تاہم وسیع تجربے اور معلومات کی بدولت یہ کمیٹی کھیل میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز کے ذریعے گراس روٹ سے ٹاپ لیول پر مثبت تبدیلی سامنے لاسکے گی۔

ڈومیسٹک کرکٹ آپریشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جنید ضیا کو اس کمیٹی میں ایکس آفیشو ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ عثمان تسلیم کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔

واضح رہے کہ کمیٹی میں شامل تینوں سابق کپتان شان دار کریئر کے حامل رہے ہیں۔

مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں، جنہوں نے 56ٹیسٹ میں سے 26 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست 2016 میں آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچی تھی، وہ 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

مصباح الحق نے75 ٹیسٹ میں 5ہزار 222 رنز، 162 ون ڈے انٹرنیشنل میں 5ہزار 122 رنز اور 39 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 788 رنز بنائے ہیں۔

انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل تھے، وہ378 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 11ہزار 739 رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 10 سنچریاں اور 83 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

انہیں 120 ٹیسٹ میں 8 ہزار 830 رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس میں 25 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچوں میں 3 ہزار 652 رنز بنانے کے علاوہ 53 وکٹیں حاصل کی ہیں، 218 ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی انہوں نے 6 ہزار 614 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 139 وکٹیں اپنے نام کیں اور 119 ٹی20 میچوں میں انہوں نے 2 ہزار 514 رنز بنانے کے علاوہ 61 وکٹیں لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں