• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm

ورلڈ کپ: بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کی پاکستان انگلینڈ میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست

شائع August 5, 2023
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز نے آخری بار 1996 میں کسی ورلڈ کپ میچ کی میزبانی کی تھی— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز نے آخری بار 1996 میں کسی ورلڈ کپ میچ کی میزبانی کی تھی— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی

بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شیڈول میچ کسی اور تاریخ پر منتقل کرنے کی درخواست کردی ہے۔

کرک انفو کے مطابق ورلڈ کپ میں پاکستان کا آخری لیگ میچ 12 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں شیڈول ہے لیکن بنگلا کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے اور اس سلسلے میں 11 نومبر کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔

یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی جب پولیس نے بنگال کی کرکٹ ایسوسی ایشن کو بتایا کہ پاکستان ایونٹ کی اہم ٹیموں میں سے ایک ہے لہٰذا میچ کے لیے سیکیورٹی بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ 12نومبر کو شہر اور اس خطے کا اہم ترین تہوار ’کلی پوجو‘ بھی ہے۔

اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی جمعرات کو پولیس کے حکام سے ملاقات ہوئی تھی جنہوں نے شہر میں مذہبی تہوار کے سبب سیکیورٹی کے خدشات سے آگاہ کیا، اس کے بعد ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو خط لکھ کر تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی۔

بیک وقت کرکٹ میچ اور تہوار کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے کولکتہ پولیس اچھی پوزیشن میں نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ میچ کی تاریخ تبدیل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

یاد رہے کہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز نے 1996 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد سے کسی میچ کی میزبانی نہیں کی جہاں مذکورہ میچ کو بھارتی شائقین کی ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ختم کردیا گیا گیا تھا اور سری لنکا کو میچ کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔

2011 ورلڈ کپ میں بھارتی بورڈ نے ایڈن گارڈنز میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ کی میزبانی کی تجویز پیش کی تھی لیکن اس وقت اسٹیڈیم میں تعمیرات اور تزئین و آرائش کا کام جاری تھا اس لیے آئی سی سی کی جائزہ لینے والی کمیٹی نے اس تجویز کا مسترد کردیا تھا کیونکہ اسٹیڈیم میں جاری کام مقررہ وقت تک مکمل ہونے کا امکان نہیں تھا۔

کولکتہ کا ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم پانچ میچز کی میزبانی کرے گا جس میں سب سے اہم میچز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ ہے۔

بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن اور مقامی شائقین پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اہم میچز کی میزبانی سے محروم نہیں ہونا چاہتے اور یہی وجہ ہے کہ ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں خصوصی طور پر بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے سفری مسائل اور سیکیورٹی انتظامات کے سبب پہلے ہی پاکستان کے دو میچوں کے شیڈول میں تبدیل کردی ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ بھی شامل ہے۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اب ایک دن قبل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جو اس سے قبل 15 اکتوبر کو احمدآباد میں شیڈول تھا جبکہ قومی ٹیم کا سری لنکا کے ساتھ 12 اکتوبر کو کھیلا جانے والا میچ اب 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے پاک-بھارت میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024