ملک کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں سیاسی و سماجی شخصیات نے قوم کو مبارک باد پیش کی وہیں شوبز شخصیات نے بھی خصوصی پیغامات جاری کیے۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی آواز میں قومی ترانہ گنگنایا۔

ویڈیو کی کیپشن میں انہوں نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے 76 سال ملک کی آزادی اور ترقی کے سفر کی عکاسی کرتے ہیں، آئیے اس یوم آزادی پر ان لوگوں کی جدوجہد کو یاد رکھیں جن کی وجہ سے یہ ملک آزاد ہوا، آئیے آنے والے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کریں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کا مستقبل امید، اتحاد اور خوشحالی سے بھرپور ہے۔

اداکارہ عائزہ خان نے جشن آزادی کے موقع پر سبز رنگ کی شلوار قیمض اور دوپٹے کا انتخاب کیا جس میں وہ دلکش دکھائی دے رہی تھیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی

اداکار ہمایوں سعید نے قومی پرچم تھامے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی۔

انہوں نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ ’اللہ ہمارے پیارے پاکستان کو طاقت اور ہماری قوم کو ایسی صفات سے نوازے جو ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوں، پاکستان زندہ باد۔‘

سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے عہد کیا کہ وہ پاکستان کی ایک ذمہ دار شہری ہونے کا عہد کرتی ہیں اور اپنی آخری سانس تک پاکستان کے بچوں کی مدد کرتی رہیں گی، ان کے آنسوؤں کو مسکراہٹوں میں بدلیں گی۔

گلوکار و اداکار اذان سمیع خان نے قائداعظم کی تصویر شیئر کی۔

دوسری جانب مایا علی نے شہریوں سے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ون ویلنگ کرنا بند کریں، اس کے علاوہ کئی طریقوں سے آپ آزادی کا دن منا سکتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’خدا کے واسطے ون ویلنگ کرنا بند کریں، اس کے علاوہ ایک ہزار طریقے ہیں جن سے آپ آزادی کا دن مناسکتے ہیں، میں نے ابھی لاہور میں ون ویلنگ کرنے کی وجہ سے دو نوجوانوں کے زخمی ہونے کا واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔‘

مایا علی نے لکھا کہ ’اپنی فیملی اور چاہنے والوں کا سوچیں، اپنے لیے نہ صحیح اپنے پیاروں کے لیے اپنی زندگی کی قدر کریں۔‘

اداکارہ ریما نے اپنے شوہر کے ہمراہ قوم کو یوم آزادی کی مبارک دی، امریکا میں اوورسیز پاکستانیوں کے طور پر جوڑے نے 14 اگست کا دن بھرپور طریقے سے منایا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں بسنے والے پاکستانی اس دن کو منا کر اپنے ملک سے تجدید عہد وفا کرتے ہیں، اس خوشی کے موقع پر آئیے ہم اس کا عہد کریں کہ ہم اپنی گفتگو، کردار اور عمل سے اپنے ملک کے لیے عزت اور وفار کا باعث بنیں گے۔

اداکارہ ژالے سرحدی نے جشن آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے جشن آزادی مبارک۔‘

سبز ہلالی پرچم میں ملبوس دانش تیمور نے بھی مداحوں کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔

عریبہ حبیب اور شائستہ لودھی نے مداحوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں