’تاریخی لمحہ‘، اسکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز اتر گئی

اپ ڈیٹ 14 اگست 2023
ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت جہاز کا واٹر کینن سے استقبال کیا گیا — فائل فوٹو: ڈان
ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت جہاز کا واٹر کینن سے استقبال کیا گیا — فائل فوٹو: ڈان

اسکردو ایئرپورٹ پر آج دبئی سے آنے والی پہلی بین الاقوامی پرواز اتری جسے تاریخی لمحہ قرار دیا جارہا ہے۔

پرواز پی کے-234 نے دبئی سے صبح 4 بجکر 15 منٹ پر 80 مسافروں کے ساتھ اڑان بھری اور ساڑھے 4 گھنٹے بعد کامیابی سے اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی۔

ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت جہاز کا واٹر کینن سے استقبال کیا گیا جبکہ مسافروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے اس پیش رفت کو ایک ’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا۔

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسکردو کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے سفر کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور اس علاقے کو باقی دنیا سے جڑنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیاحت کو فروغ دینے اور دیگر علاقوں سے خطے کے رابطوں کو بڑھانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے 14 اگست کو پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر اسکردو کے لیے پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے روانہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ایک پیغام میں انہوں نے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ویڈیو اسٹوریز کے ذریعے پاکستان کی خوبصورتی کی منظرکشی کریں اور اسے شیئر کریں، انہوں نے اس تاریخی پرواز کو حقیقت بنانے میں وزارت ہوا بازی اور گلگت بلتستان انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔

فیصل نیاز ترمذی نے مزید کہا کہ آج کا دن سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اسکردو کے اِس سفر نے پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے لیے قابل رسائی بنا دیا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی پاکستان میں یہ واحد ہوائی اڈہ ہے جہاں بڑے ہوائی جہاز لینڈ کر سکتے ہیں کیونکہ گلگت اور چترال دونوں ہوائی اڈوں پر رن وے ایسی پروازوں کے لیے بہت چھوٹے ہیں۔

اسکردو ایئرپورٹ کو سابق وزیراعظم عمران خان نے دسمبر 2021 میں ’انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ قرار دیا تھا لیکن ری فیولنگ کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازیں آپریٹ نہ ہوسکیں۔

تاہم اب بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایندھن کی ضروریات پورا کرنے کے انتظامات کردیے گئے ہیں اور 11 اگست کو اس سہولت کا افتتاح کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ کم از کم 12 ایئربس اے320 پروازوں نے کامیابی سے اسکردو کو پاکستان بھر کے بڑے شہروں سے جوڑا تھا جو کہ سیاحت میں اضافے کا اشارہ ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق اسکردو ہوائی اڈے سے ابتدائی بین الاقوامی پروازیں صرف ویژول فلائٹ رولز (وی ایف آر) کے تحت کی جائیں گی۔

وی ایف آر کے تحت ایک ہوائی جہاز صرف ویژول میٹرولوجکل کنڈیشنز (یعنی اچھے اور صاف موسم) میں ہی آپریٹ کرتا ہے۔

اے ٹی پی فلائٹ اسکول کے مطابق وی ایف آر کے تحت بادل، شدید بارش، کم حد نگاہ یا دیگر منفی موسمی حالات کے دوران پرواز سے گریز کیا جانا چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں