ورلڈ کپ وارم اپ میچز کا شیڈول، پاکستان کا نیوزی لینڈ، آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا

24 اگست 2023
پاکستان ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ 14 اکتوبر کو کھیلے گا—فوٹو: ڈان
پاکستان ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ 14 اکتوبر کو کھیلے گا—فوٹو: ڈان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کے شہر حیدرآبادمیں ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچوں کا شیڈول جاری کردیا جہاں پاکستان 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور اس کے بعد آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ گزشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے ساتھ شیڈول ہیں جو 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو 5 مرتبہ کی عالمی چمپیئن ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔

ورلڈ کپ کے مذکورہ دونوں وارم اپ میچز راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے جہاں پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز کھیلے گا، جو 6 اکتوبر اور 10 اکتوبر کو بالترتیب نیدرلینڈز اور سری لنکا کے ساتھ ہوں گے۔

پاکستان عالمی ایونٹ میں اپنا تیسرا اور ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ میزبان روایتی حریف بھارت کے خلاف 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔

احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان 5 اکتوبر اور فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

میزبان بھارت اپنے وارم اپ میچز دفاعی چمپیئن انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے خلاف بالترتیب گوہاٹی اور تھرواناتھاپورام میں 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے گا۔

ورلڈکپ کی دفاعی چمپیئن انگلینڈ کا دوسرا وارم اپ میچ گوہاٹی میں ہی بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔

ماضی میں ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں ہر ٹیم کو 50 اوورز دیے جاتے تھے لیکن اس سے انٹرنیشنل ون دے کی حیثیت حاصل نہیں ہوتی تھی اور ٹیم کو اسکواڈ کے تمام 15 کھلاڑیوں کو ان تمام میچوں میں کھیلنے کی اجازت ہوتی تھی۔

وارم اپ میچز شیڈول

  • 29 ستمبر: بنگلہ دیش بمقابہ سری لنکا، گوہاٹی؛ جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان، تھرووانانتھاپورام؛ نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان، حیدرآباد
  • 30 ستمبر: بھارت بمقابلہ انگلینڈ، گوہاٹی؛ آسٹریلیا بمقابلہ نیدرلینڈز، تھرووانانتھاپورام
  • 2 اکتوبر: انگلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش ، گوہاٹی؛ نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ، تھرووانانتھاپورام
  • 3 اکتوبر: افغانستان بمقابلہ سری لنکا گوہاٹی؛ بھارت بمقابلہ نیدرلینڈز، تھرووانانتھاپورام؛ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، حیدرآباد

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں