آشوب چشم کا پھیلاؤ، پنجاب حکومت کا 4 روز تک اسکول بند رکھنے کا اعلان

27 ستمبر 2023
پنجاب کے نگراں وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو دن بھر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے: فائل فوٹو
پنجاب کے نگراں وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو دن بھر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے: فائل فوٹو

پنجاب حکومت نے آشوب چشم کی بیماری کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 28 ستمبر سے یکم اکتوبر تک رکھنے کا اعلان کردیا۔

آشوب چشم ایک شفاف جھلی کی سوزش ہے جو پلکوں اور آنکھی کی جھلی کے درمیان ہوتی ہے، اس بیماری نے پنجاب کو بری طرح متاثر کیا ہے جہاں اطلاعات کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 500 سے 600 مریضوں کو داخل کیے جانے کی اطلاع ہے۔

صوبے میں سب سے زیادہ انفیکشن لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں اور کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے نمایاں اثرات مرتب ہوئے ہیں جہاں رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انفیکشن ہر عمر کے لوگوں کو متاثر کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ اسکول جانے والے بچوں کی ایک بڑی تعداد بنیادی طور پر اس وجہ سے انفیکشن کی شکایت کر رہی ہے کہ اسکول میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جارہا۔

  ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ اسکول انتظامیہ طلبا کو ہدایت کررہی ہے کہ جیسے ہی وہ وائرس سے متاثر ہوں تو اسکول آنے کے بجائے گھر میں ہی رہیں اور والدین کو اپنے بچوں کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آشوب چشم کی بیماری گنجان آباد شہروں میں تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں لوگ غیر دوستانہ ماحول جیسے کہ فیکٹریوں، بازاروں اور شاپنگ پلازوں سے متاثر ہوتے ہیں۔

کیسز میں اضافے کے پیش نظر محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے آج چار روزہ تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول پیر (2 اکتوبر) سے دوبارہ کھلیں گے اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں صوبے کے تمام چیف ایگزیکٹو افسران کو حکم کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ آج جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تعطیلات کا اعلان بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، اندازہ ہے کہ اس اقدام سے کیسز میں 50 فیصد تک کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے پر طلبا کی آنکھوں کا معائنہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، پنجاب کے نگران وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آنکھوں لء سرجنز کو دن بھر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو آنکھوں کے قطرے وافر مقدار میں فراہم کیے گئے ہیں، راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال، لاہور کے میو ہسپتال اور ملتان کے نشتر ہسپتال میں آشوب چشم کے مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں