پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 6 سال بعد 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2023
آخری بار ایسا 7 جون 2017 کو ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
آخری بار ایسا 7 جون 2017 کو ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100-انڈیکس 6 سال بعد 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا جسے ماہرین ایک اہم سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 23 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 50 ہزار 17 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور 2 گھنٹے بعد 49 ہزار 787 پوائنٹس پر آگیا۔

بروکریج فرم عارف حبیب نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انڈیکس 286 پوائنٹس (50 ہزار 17 پوائنٹس یا 0.58 فیصد) بڑھ گیا، 50 ہزار پوائنٹس کی حد 6 برس بعد عبور ہوئی ہے، آخری بار یہ 7 جون 2017 کو ہوا تھا۔

بروکریج کمپنی انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ایکویٹی کے سربراہ رضا جعفری نے کہا کہ سرمایہ کار معیشت پر حکومت کی مکمل توجہ اور پاکستانی روپے کی مضبوطی کو دیکھ رہے ہیں، جو اس توقعات کو تقویت بخش رہا ہے کہ شرح سود عروج پر پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’فوری ریلی کے پیش نظر منافع حاصل کرنے کے لیے حصص کی فروخت دیکھی جاسکی ہے، لیکن آئی ایم ایف کا کامیاب جائزہ 100 انڈیکس کو نئی ریکارڈ سطح کی طرف لے جانے میں مدد کر سکتا ہے۔‘

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ زیادہ تجارت کے باعث آمدنی کے سیزن میں مثبت سرگرمیاں جاری رہیں کیونکہ سرمایہ کار نگران وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران سی پیک منصوبوں پر بات چیت اور روپے کی قدر میں بہتری کو دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث افراط زر میں متوقع کمی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت ممکنہ طور پر آئی ایم ایف کی اگلی قسط کے اجرا نے تیزی میں کیٹالسٹ کا کردار ادا کیا ہے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں