بلوچستان: ضلع کیچ کی تحصیل ہوشاب میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 19 نومبر 2023
کیچ کی تحصیل ہوشاب میں دھماکے میں تباہ ہونے والی گاڑی— فوٹو : اسمٰعیل ساسولی
کیچ کی تحصیل ہوشاب میں دھماکے میں تباہ ہونے والی گاڑی— فوٹو : اسمٰعیل ساسولی

صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل ہوشاب میں دھماکے سے گاڑی میں سوار 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کیچ حسین جان بلوچ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ضلع کیچ کے تحصیل ہوشاب کے علاقے بالگتر میں گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس سے کار میں سوار تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار پہنچ گئے اور لاشوں کو تربت ہسپتال منتقل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکا گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہوا یا سڑک کنارے نصب کیے گئے بم کے نتیجے میں یہ دھماکا ہوا، ہم اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان ایک عرصے سے دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اور اکثر بم دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں جس میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور عام عوام تک کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

گزشتہ ماہ کوئٹہ میں پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے پروجیکٹ منیجر کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں منیجر جاں بحق اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا تھا۔

اس سلسلے میں سب سے بڑی دہشت گردی کی کارروائی 29 ستمبر کو کی گئی تھی جب مستونگ میں 12 ربیع الاول کے جلوس میں دھماکے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

اس واقعے سے کچھ عرصہ قبل ضلع مستونگ میں ہی ہونے والے ایک اور دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما حافظ حمداللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ سال بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 4 افراد جاں بحق اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں