بولی وڈ اداکار اور ماڈل پونم پانڈے نے اپنے انتقال کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندہ ہیں، انہوں نے سروائیکل کینسر کی آگاہی کے لیے اپنے مرنے کی جھوٹی خبر پوسٹ کی تھی۔

پونم پانڈے نے آج انسٹاگرام پوسٹ پر ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں زندہ ہوں اور بالکل ٹھیک ہوں، میری سروائیکل کینسر سے موت نہیں ہوئی‘۔

انہوں نے وضاحت دیتےہوئے کہا کہ ’میں نے یہ سب سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور اس کینسر کی ویکسین کی تشہیر کرنے کے لیے اپنے مرنے کی خبر پوسٹ کی، یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’کینسر کی دوسری اقسام کے برعکس، سروائیکل کینسر مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے، اگر ہمیں شروعات میں اس کینسر کے بارے میں آگاہی مل جائے گی تو ہم بروقت علاج کرواسکتے ہیں اور اس طرح کوئی بھی مریض سروائیکل کینسر کی وجہ سے اپنی جان کی بازی نہیں ہارے گا‘۔

ایک اور ویڈیو میں پونم پانڈے نے اپنے مرنے کی جھوٹی خبر پر مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں معذرت کرنا چاہتی ہوں جنہیں میرے انتقال کی خبر پر دکھ پہنچا۔‘

پونم پانڈے نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے انتقال کی جھوٹی خبر دینے کا مقصد انہیں اس بیماری کی طرف متوجہ کرنا تھا جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے خود اپنے مرنے کی جھوٹی خبر پوسٹ کی، انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ جانتی ہیں کہ یہ انتہائی قدم تھا لیکن ان کے مرنے کی خبر کے بعد سب لوگ اچانک سروائیکل کینسر کے بارے میں بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک ایسی بیماری ہے جو خاموشی سےانسان کی جان لے لیتی ہے، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میری جھوٹی موت کی خبروں سے لوگوں میں آگاہی پیدا ہوئی ہے۔‘

اداکارہ کی جانب سے اپنے مرنے کی جھوٹی خبر پوسٹ کرنے پر مداحوں کی جانب ناگواری کا اظہار کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا صارفین مطالبہ کررہے ہیں کہ جلد از جلد اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے موت کا مذاق بنایا ہے۔

کچھ لوگوں نے کہا کہ کینسر کی آگاہی کے لیے ایک ہزار دوسرے طریقے بھی موجود ہیں۔

نامور اداکارہ اکتا کپور نے لکھا کہ کینسر کے لیے ایسی فضول مہم کی حوصلہ افزائی کرنے والی کمپنی پر مقدمہ چلنا چاہیے۔

اداکارہ کے انتقال کی خبر کب وائرل ہوئیں؟

گزشتہ روز (2 جنوری کو ) بولی وڈ اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے کے مینجر نے اچانک اداکارہ کے انتقال کی خبر پوسٹ کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

اداکارہ کے آفیشل انسٹاگرام پیچ پرمینجر نے لکھا تھا کہ ’پونم پانڈے کا انتقال ہوگیا ہے وہ سروائیکل کینسر کے آخری اسٹیج پر تھیں‘۔

32 سالہ پونم پانڈے کے مینیجر پارول چاؤلہ نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ اداکارہ کو کچھ عرصہ قبل سروائیکل کینسر کے آخری اسٹیج کی تشخیص ہوئی تھی۔

منیجر نے بتایا کہ ’پونم پانڈے کو کچھ روز قبل معلوم ہوا کہ انہیں کینسر ہے اور یہ بیماری آخری اسٹیج میں تھی، ان کا انتقال اتر پردیش میں اپنے آبائی شہر میں ہوا ہے‘۔

پونم پانڈے کے انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کیے گئے بیان میں لکھا گیا کہ ’آج کی صبح ہمارے لیے بہت مشکل وقت تھا، گہرے دکھ کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے اپنی پیاری پونم کو کھو دیا ہے، انہیں سروائیکل کینسر تھا، اس مشکل وقت میں ہم پرائیویسی کی درخواست کرتے ہیں، ہم پونم کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘

اداکارہ کے انتقال پر سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی جبکہ کئی صارفین نے شبے کا اظہار کیا کہ شاید اداکارہ کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے کیونکہ وہ تین روز قبل ممبئی میں تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں