سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں طالبعلم لاریب کو قتل کرنے والے ملزمان کی فوٹیج سامنے آگئی جبکہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ویڈیو فوٹیج میں 2 ملزمان کو موٹر سائیکل پر دیکھا جاسکتا ہے، پیچھے بیٹھے ملزم نے نیلی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی اور موٹر سائیکل چلانے والے ملزم نے بظاہرکالا جیکٹ پہن رکھا تھا۔

کورنگی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لے لیا، پولیس کو مقتول لاریب کا موبائل فون بھی مل گیا، زیر حراست شخص کے مطابق اسے موبائل فون پڑا ہوا ملا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ زیر حراست ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس کی جانب سے مزید فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 5 مارچ کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی مبینہ فائرنگ سے طالب علم جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی شناخت لاریب کے نام سے ہوئی تھی۔

مقتول کے والد کے مطابق لاریب بیچلرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) کا طالب علم تھا اور بیسک اکاؤنٹنگ کی کتاب بھی لکھ رہا تھا، 6 مارچ کو اس کی کتاب کی رونمائی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ لاریب گھر سے جم جانے کے لیے نکلا تو ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔

مقتول کے والد کے مطابق موبائل فون میں لاریب کی کتاب کا ڈیٹا موجود تھا جس کی وجہ سے اس نے مزاحمت کی، لاریب کی منگنی ہوچکی تھی، آئندہ برس شادی تھی۔

گزشتہ روز (6 مارچ) ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں