ضمنی انتخابات: پرویز الہیٰ کی درخواست پر عدالت کا حامیوں، اہل خانہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

19 اپريل 2024
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویزالہی کے حامیوں کوہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے—فائل/ فوٹو: ڈان نیوز
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویزالہی کے حامیوں کوہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے—فائل/ فوٹو: ڈان نیوز

لاہور ہائی کورٹ نے 21 اپریل کو ہونے ضمنی انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 میں امیدوار اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے حامیوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال نے ضمنی الیکشن میں ووٹرز اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کی پرویزالہیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخوست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پرویز الہی پی پی 32 سے ضمنی الیکشن میں امیدوار ہیں، پولیس درخواست گزار کے حامیوں اور خاندان کے افراد کو ہراساں کررہی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویزالہی کے حامیوں کوہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ضمنی انتخابات میں پرویزالہیٰ کے حامیوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا اور اس حوالے سے گجرات پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 23 نشستوں پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات ہوں گے، قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 جب کہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی گزشتہ کئی ماہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، 4 اپریل کو انہیں صحت کی خرابی کے باعث جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں