مرد کی زندگی ہمیشہ ہی اس کی ضروریات کے تابع ہوتی ہے- ایک محبت کرنے والی باوفا بیوی، آنگن میں چہچہاتے کچھ کھلونے۔ یہ وہ عناصرہیں جن سے ایک گھر جنت بنتا ہے اور ہر مرد کو اس جنت کی خواہش سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

بیوی کی روپ میں ایک ہمدرد، دکھ سکھ بانٹنے والا ساتھی جو زندگی کے نشیب و فراز میں اس کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے رکھے، اسکا حوصلہ بنانے رکھے، اس کے گھر کا خیال رکھے، اس کے بچوں کی پرورش کرے مطلب کہ ہر لحاظ سے مرد کی ذمے داریوں کی شریک بن جائے۔

مگر کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ بیوی ذمے داریاں بانٹتے بانٹتے ایک دن اپنے شوہر کے بٹوارے پر بھی مجبور ہوجاتی ہے۔ محبت کا شریک تو کوئی بھی نہیں چاہتا پھر کیوں کبھی کبھی نہ چاہتے ہوئے بھی بیوی کو اپنی محبت اور اپنے شوہر کو دوسری عورت کے ساتھ بانٹنا پڑتا ہے۔

بیویوں کی اس مشکل اور شوہر کا دوسری عورت کی جانب رخ، اسی خیال کو ڈرامہ سیریل "دوسری بیوی" میں پیش کیا گیا ہے۔


پلاٹ


— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

ڈرامہ "دوسری بیوی" ایک بہت ہی عام مو ضوع پر بنایا جانے والا ڈرامہ ہے جس کا مرکزی کردار حسن (فہد مصطفی) ہے جو کہ اپنی بیوی عائشہ (حریم فاروق) اور ایک بیٹی کے ساتھ پُرسکون اور خوشگوار زندگی گزر رہا ہے۔

حسن ایک محبت کرنے والا شوہر اور باپ ہے اور اسکی بیوی عائشہ بھی اس سے بے پناہ محبت کرتی ہے- حسن کی زندگی اس وقت تبدیل ہوتی ہے جب اسکی ملاقات فرح (ماہا وارثی) سے ہوتی ہے۔ فرح، حسن کی کولیگ (دفتری ساتھی) ہے اور آفس کے ایک پروجیکٹ میں حسن کی معاونت کرتی ہے۔

فرح کی منگنی ایک ایسے انسان سے ہوئی ہے جوعورت کو پیر کی جوتی سمجھتا ہے اور فرح کی نوکری کرنا اسے بالکل پسند نہیں۔ حسن، فرح اور اس کے منگیتر کو آفس میں جھگڑا کرتے دیکھتا ہے تو فرح سے دفتر کا ماحول خراب ہونے کا شکوہ کرتا ہے۔ فرح حالات کے پیش نظر جاب چھوڑ دیتی ہے مگر اس کے بعد حسن کافی مشکل سے فرح کو دوبارہ آفس آنے اور اس سے ملنے کے لیے تیار کرتا ہے۔ حسن، فرح کو ہوٹل میں بلا کر اس کی سالگرہ مناتا ہے اور اچانک ہی وہاں فرح کا منگیتر آن پہنچتا ہے۔

کہانی میں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے کہیں حسن اپنی بے چینی اور فرح سے بڑھتے مراسم پر پشیمان ہے تو کہیں فرح کے بدلتے تیور ڈرامے کو زیادہ دلچسپ بنا دیتے ہیں، البتہ فرح کے باپ نے موقع کی نزاکت جانتے ہوئے فرح کی شادی کی تاریخ تو طے کر دی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ فرح کی شادی ہوتی کس سے ہے۔


آخری بات


اب تک ڈرامے کے پرومو اور اس کی موسیقی سے جتنا اندازہ لگایا گیا ہے اس کے مطابق یہ ڈرامہ اپنے اندر ایک بہت ہی کڑوی حقیقت کو چھپائے ہوئے ہے، عورت کو عورت کی دشمن کہا ضرور جاتا ہے مگر اس دشمنی کو نبھانے کا موقع ایک مرد ہی دوسری عورت کو دیتا ہے۔

— پبلسٹی فوٹو
— پبلسٹی فوٹو

مرد کو بیوی اور پُرسکون گھریلو زندگی ہوتے ہوئے بھی مزید محبت کی پیاس ہوتی ہے جسے بجھانے کی خاطر وہ اپنی بیوی کی وفا، اسکا مان سب تباہ کر کے بس اپنے آ وارہ دل کی تسکین کے لئے دوسری عورت سے دل لگاتا ہے اور اسے دوسری بیوی کا درجہ دیتا ہے۔

شائقین اس ڈرامے سے امید رکھتے ہیں کہ اس کا انجام سبق آموز ہو، تاکہ دل کے ہاتھو ں مجبور مرد حضرات اپنی وفا شعار اور محبت کرنے والی بیویوں کی وفا پر قائم رہ سکیں اور معاشرے میں بے وفائی کا بڑھتا رجحان ختم ہو۔


ڈرامے کے اوقات اور کاسٹ


پروگرام جیتو پاکستان اور لولی وڈ فلم "نامعلوم افراد" سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے فہد مصطفی ڈرامے کے لیڈ کردار ہونے کے ساتھ ساتھ اس ڈرامے کے کو پروڈیوسر بھی ہیں جبکہ قدرے نئے چہرے ماہا وارثی اور حریم فاروق کی اداکاری بھی کافی منفرد اور قبل ستائش ہے۔

دیگر کاسٹ میں احمد خان ، شہریار زیدی، امبر واجد اور فاطمہ شامل ہیں، یہ کہانی ہے ثمینہ اعجاز کی جس کی ہدایات دی ہیں انجم شہزاد نے۔

یہ ڈرامہ پیر کی شب آ ٹھ بجے اے آر وائے ڈیجٹیل چینل پر نشر ہوتا ہے اور اب تک اس کی دو اقساط نشر کی جا چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں