داؤد ابراہیم کراچی میں ٹیلی فون بل جمع کروا رہا ہے؟

23 اگست 2015
میڈیا رپورٹ میں شائع کیا گیا کہ اب داؤد ابراہیم کلین شیو ہو چکے ہیں۔۔۔۔ فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز
میڈیا رپورٹ میں شائع کیا گیا کہ اب داؤد ابراہیم کلین شیو ہو چکے ہیں۔۔۔۔ فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

نئی دہلی : ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موجود ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی جانب سے شائع کیے گئے داؤد ابراہیم کے گھر کا مبینہ بل
ہندوستان ٹائمز کی جانب سے شائع کیے گئے داؤد ابراہیم کے گھر کا مبینہ بل

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈین سیکیورٹی ایجنسیز کا دعویٰ ہے کہ داؤد ابراہیم، ان کی اہلیہ ماہ جبیں، بیٹا معین نواز، بیٹیاں ماہ رخ، مہرین اور مازیہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں رہائش پذیر ہیں۔

رپورٹ میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات سے ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ داؤد ابراہیم کراچی میں خاندان کے ساتھ مقیم ہیں۔

1996 میں داؤد ابراہیم کا مبینہ پاسپورٹ
1996 میں داؤد ابراہیم کا مبینہ پاسپورٹ
یہ بھی پڑھیں : مودی کا داؤد ابراہیم کو پکڑنے کا اعلان

ہندوستان ٹائمز نے ایک ٹیلی فون بل بھی شائع کیا ہے جس کہ کلفٹن بلاک – 4 کے ایک گھر کا پتہ درج ہے جہاں مبینہ طور پر داؤد ابراہیم مقیم ہے۔

رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے پاس 3 پاکستانی پاسپورٹ ہیں، جن میں سے ایک پر ڈیفنس فیز – 5 اور دوسرے پر عبد اللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب موجود گھر کے پتے درج ہیں۔

ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے اہل خانہ کراچی سے دبئی کا سفر عمومی طور پر کرتے رہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خفیہ اداروں کے پاس داؤد ابراہیم کی تصاویر موجود ہیں، جن میں اس کے سر کے بال کم ہو چکے ہیں جبکہ انڈر ورلڈ ڈان اب کلین شیو بھی ہو چکا ہے۔

حیرت انگیز طور پر اس رپورٹ میں داؤد ابراہیم کے مبینہ پاسپورٹ کی 1996 کی کاپی لگائی گئی، جبکہ ٹیلی فون کا بل صرف 2 ماہ پرانا ہے۔

مزید پڑھیں : داﺅد ابراہیم کا پاک افغان سرحد پر موجود!

یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی جبار صادق، جاوید چھوٹانی اور ممبئی دھماکوں کا مرکزی ملزم جاوید پٹیل عرف چکنّا بھی پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ ان کا اکثر دبئی آنا جانا ہوتا ہے۔

داؤد ابراہیم کی پاکستان میں نقل و حرکت کے حوالے رپورٹ میں کسی بھی قسم کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔

ہندوستان کی جانب سے پاکستان پر مختلف افراد کو پناہ دینے کے الزامات عمومی بات ہے۔

ہندوستانی حکومت کا بیان: 'داﺅد ابراہیم کہاں ہے ہمیں معلوم نہیں'

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے ان الزامات کی متواتر تردید کی جاتی رہی، اسی حوالے ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو پاکستان کے ہندوستان میں ہائی کمشنر عبد الباسط نے ایک ہفتہ قبل ہی تردید کی تھی۔

داؤد ابراہیم پر 1993 میں ممبئی میں ہونے والے دھماکوں کا الزام ہے،جن میں 270 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے. ان دھماکوں کو بابری مسجد کے انہدام کا رد عمل بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔

سابق ہندوستانی وزیر کا بیان: 'لندن میں داؤد ابراہیم نے واپسی کی پیشکش کی'

ہندوستان کی عدالتوں نے داؤد ابراہیم کو ان کی سماعت میں غیر موجودگی میں ہی مجرم قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے وزارت داخلہ نے حالیہ دنوں میں پارلیمنٹ میں ایک دستاویز جمع کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان کی حکومت کو داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کا علم نہیں ہے۔

ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبد الباسط نے اس دستاویز کو پاکستان کے مؤقف کی تائید قرار دیا۔

خیال رہے کہ ہندوستان اور پاکستان میں آج 23 اور 24 اگست کو داخلی سیکیورٹی کے مشیروں کی ملاقات ہونا تھی مگر اس کو منسوخ کر دیا گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mohammad Ayub Khan Aug 23, 2015 06:45pm
sab kuch ley aye bhartiy log lekin taweer fotoshop sey itni bey maza ki kuch pata hi naa chaley ki hey bhi ya naheyin