ننگرہار: افغانستان کے صوبے ننگرہار اور پاکستان کے سرحدی علاقے شمالی وزیر ستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے ڈرون حملوں میں داعش کے 25 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلا ڈرون حملہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ضلع پیخا میں کیا گیا.

ضلع پیخا میں اچین کے علاقے داعش کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی ڈرون طیارے نے دوسرا حملہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے سرحدی علاقے شمالی وزیرستان میں کیا۔

شمالی وزیرستان میں منگڑوتی میں کیے گئے امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 5 مبینہ شدت پسند ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ ننگرہار افغانستان کا پاکستان کی خیبر ایجنسی کے ساتھ واقع سرحدی صوبہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں داعش کے کم از کم 20 مشتبہ شدت پسند مارے گئے، جبکہ اس کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کے مختلف صوبوں میں دہشت گردوں بالخصوص داعش کے ٹھکانوں کو کئی بار ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جاچکا ہے، جن میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں ڈرون حملہ، 3 'دہشت گرد' ہلاک

تقریباً تین ہفتے قبل بھی ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر سمیت 3 مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستان بھی افغانستان سے منسلک اپنے سرحدی علاقوں خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کے خاتمے لیے فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں اب تک سیکڑوں دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔

گزشتہ روز بھی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے فضائی حملے میں 30 سے زائد مبینہ شدت پسند ہلاک ہوئے۔

یہ پڑھیں : شمالی وزیرستان میں فضائی حملے، 30 'عسکریت پسند' ہلاک

فضائی حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔

یاد رہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام پاک ۔ افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان سمیت سات قبائلی ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون 2014 کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضربِ عضب‘ شروع کیا تھا۔

پاک فوج کے مطابق آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک 2800 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے آخری مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کو علاقہ بدر کردیا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں