پشاور: ایک 30 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر چار افراد نے بدھ کی رات پشاور کے چغلپورہ علاقے میں ریپ کا نشانہ بنایا۔

جمعرات کو درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق بٹ گرام سے تعلق رکھنے والی خاتون چغلپورہ میں اپنے اہلخانہ سے ملنے کے بعد گھر واپس جارہی تھیں کہ چار افراد انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

انہیں تین گھنٹے بعد رات کے دو بجے چھوڑ دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق جمعے کو مقدمے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پہاڑی پورہ کے اسسٹنٹ سپریٹینڈنٹ پولیس وسیم ریاض خان کے مطابق متاثرہ خاتون کی جانب سے چار افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ پولیس دیگر تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔

اے ایس پی کے مطابق خاتون کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق 2015 میں 939 خواتین کو جنسی تشدد، 279 کو گھریلو تشدد جبکہ 143 خواتین کو تیزاب کے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

کمیشن کے مطابق 833 خواتین کو اغوا کیا گیا جبکہ 777 نے خودکشی کی یا اس کی کوشش کی۔

جنوری اور مئی 2015 کے درمیان 9 افراد کو ریپ کے الزام میں پھانسی دی گئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں