فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے قریب واقع گاؤں 541-گ ب چکیاں میں موبائل فون کا چارجر لینے پر بڑے بھائی نے چھوٹے پر تیزاب پھینک دیا۔

سی سی پی او افضال احمد کے مطابق گڑھ تھانہ کی حدود میں دو بھائیوں کا گھر میں کسی معمولی بات پر جھگڑا ہوا اور چھوٹے بھائی شرافت حسین نے بڑے بھائی اشرف حسین کا موبائل چارجر لے لیا۔

جس کے بعد اشرف طیش میں آگیا اور اس نے اپنے چھوٹے بھائی شرافت پر تیزاب پھینک دیا۔

شرافت کو فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کا چہرہ اور سینہ تیزاب سے بری طرح جھلس چکا ہے جبکہ شرافت کی ایک آنکھ بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

واقعے کے بعد ملزم اشرف فرار ہوگیا، جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پنجاب میں حالیہ دنوں میں تیزاب سے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

رواں ماہ 16 جون کو بھی ملتان میں مبینہ طور پر شادی سے انکار پر ایک خاتون نے نوجوان پر تیزاب پھینک دیا تھا، جنھیں بعدازاں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں اوچھ شریف کے قریب سرکند بشارت گاؤں میں ماں اور ان کی رضاعی بیٹی مبینہ طور پر تیزاب کے حملے میں زخمی ہوگئی تھیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں