بہاولپور: اوچھ شریف کے قریب سرکند بشارت گاؤں میں ماں اور رضاعی بیٹی مبینہ طور پر تیزاب کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق تین افراد نے 35 سالہ رضیہ کے گھر اس کے شوہر کی غیر موجودگی میں زبردستی گھس کر ماں اور رضاعی بیٹی آسیہ پر تیزاب پھینک دیا۔

تیزاب کے حملے میں دونوں کے جسم کے مختلف حصے بُری طرح جل گئے جس کے باعث انہیں بہاول وکٹوریا ہسپتال (بی وی ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا تینوں مبینہ حملہ آوروں شفیق، فیاض احمد اور اس کے بھائی ریاض کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم شفیق کا مبینہ طور پر رضیہ سے تعلق تھا اور وہ چاہتا تھا کہ خاتون اپنے شوہر خان محمد سے طلاق لے لے، لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔

یہ خبر 5 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں