اسلام آباد: افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو افغان طالبان کی جانب سے رہا کیے جانے کے بعد پاکستان پہنچا دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی گئی کہ پنجاب حکومت کے 'ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 6 ارکان کو قبائل کے درمیان معاہدے کے تحت رہا کیا گیا، جو آج اسلام آباد پہنچ گئے'۔

بازیاب ہونے والے عملے میں کیپٹن صفدر حسین (چیف پائلٹ)، کیپٹن صفدر اشرف، کیپٹن محمد شفیق الرحمٰن (فرسٹ آفیسر)، ناصر محمود (فلائٹ انجینئر)، محمد کوثر (کریو چیف) اور روسی شہری سرگئی سیواتیانو (نیوی گیٹر) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ طالبان نے عملے کے 7 افراد کو یرغمال بنایا تاہم اب تصدیق کی گئی ہے کہ ہیلی کاپٹر میں ایک روسی شہری سمیت 5 پاکستانی سوار تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان: پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ، عملہ یرغمال

ترجمان کے مطابق عملے کو فاٹا میں پاک-افغان سرحد کے قریب پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا، جنھیں بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ بازیاب ہونے والا تمام عملہ بالکل محفوظ اور صحت یاب ہے۔

اس سے قبل ریڈیو فری یورپ کی ایک رپورٹ میں پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے گئے عملے کو رہا کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام نے ریڈیو فری یورپ کو بتایا تھا کہ عملے کے ارکان کو 12 اگست کی رات کرم ایجنسی میں ضلعی حکام کے حوالے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر واقعہ: جنرل راحیل کا افغان صدر سے رابطہ

یاد رہے کہ رواں ماہ 4 اگست کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 مرمت کے لیے ازبکستان جا رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث افغانستان کے صوبے لوگر میں اسے کریش لینڈنگ کرائی گئی جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کو یرغمال بنا لیا۔

بعدازاں مختلف گروپوں کی جانب سے بھی ہیلی کاپٹر عملے کو یرغمال بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔

واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان حکام سے رابطے کرکے یرغمالیوں کی محفوظ واپسی میں مدد کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:'پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عملہ بالکل محفوظ'

2 روز قبل ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے بعد ہیلی کاپٹر کے یرغمالی عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان حکومت نے بالآخر اس حوالے سے معلومات فراہم کردی ہیں اور عملہ بالکل محفوظ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Aug 13, 2016 11:49pm
ہیلی کاپٹر کے یرغمالیوں کی رہائی پر خوشی ھوئی ھے سب رہائی مبارک ھو لیکن ساتھ یہ سوال بھی اٹھتا ھے کہ طالبان کے ساتھ کیسا معاہدہ ھوا ھے یہ بھی معلوم ھوگیا کہ طالبان کچھ لوگوں کو جلدی رہا کرتے ھیں اور کچھ کو سالوں یرغمال رکھتے ھیں یہ بات سمجھ سے اج تک باہر ھے