معروف قوال امجد صابری کے قتل میں نامزد ملزمان اسحاق الیاس بوبی اور عاصم الیاس کیپری کی دیگر ہائی پروفائل کیسز میں ملوث ہونے کی تحقیقات کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) انٹیلی جنس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عمر شاہد حامد کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے ملزمان اسحاق اور عاصم کی گرفتاریوں کا اعلان کیا تھا، مبینہ طور پر لشکرِ جھنگوی نعیم بخاری گروپ سے تعلق رکھنے والے دونوں افراد 28 کے قریب کیسز میں ملوث ہوسکتے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ، دونوں ملزمان کے حوالے سے 'واضح ثبوت‘ ہیں کہ یہ 9 بڑے واقعات میں ملوث ہیں۔

  • 29 اکتوبر کو ناظم آباد مجلس پر حملہ

  • 17 اکتوبر کو لیاقت آباد میں مجلس پر حملہ

  • 26 جولائی کوصدر میں دو فوجی اہلکاروں کا قتل

  • 22 جون کو امجدصابری کا قتل

  • 21مئی کو عائشہ منزل پر دو ٹریفک اہلکاروں کا قتل

  • 20 اپریل کو پولیس اہلکاروں پر حملہ

  • دسمبر 2015 میں تبت سینٹر کے قریب ملٹری پولیس اہلکاروں کا قتل

  • 20 نومبر2015 کو اتحاد ٹاؤن میں رینجرز اہلکاروں پر حملہ

  • 29 اگست 2015 کو سپریم کورٹ کے وکیل سید حامد حیدر کا حسن اسکوائر پر قتل

مزید پڑھیں: امجد صابری قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار، وزیراعلیٰ سندھ

محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اسحاق اور عاصم کے دہشت گردی، آرمی اور رینجرز اہلکاروں کے قتل سمیت مختلف ہائی پروفائل کیسز میں شامل ہونے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی 7 یوم میں تفتیش مکمل کرے گی اور انکوائری کے 2 دن بعد اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی انٹیلی جنس عمر شاہد حمید کی سربراہی میں قائم اس ٹیم میں اسپیشل برانچ ایس ایس پی یونس چانڈیو اور رینجرز، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا ایک ایک رکن شامل ہوگا۔

واضح رہے کہ امجد صابری کو رواں برس 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک

گزشتہ روز کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس کانفرس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 'امجد صابری کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کئی خبریں آئی تھیں لیکن مصدقہ اطلاعات اور ثبوت کے مطابق یہی دو افراد امجد صابری کے قتل میں ملوث ہیں'۔

تبصرے (1) بند ہیں

I.M. KHAN Nov 08, 2016 08:22pm
Who'll take action against LEAs who in the past maligned MQM for Sabri's killings !!!!