الوداعی میچ کیلئے پی سی بی سے بھیک نہیں مانگوں گا، آفریدی

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2016
شاہد آفریدی الوداعی میچ کے معاملے پر اس سے قبل جاوید میانداد سے بھی الجھ چکے ہیں— فائل فوٹو: اے پی
شاہد آفریدی الوداعی میچ کے معاملے پر اس سے قبل جاوید میانداد سے بھی الجھ چکے ہیں— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فیئرویل میچ کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الوداعی میچ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھیک نہیں مانگیں گے۔

اسلامیہ کالج پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الوداعی میچ کے سوال پر شاہد آفریدی ایک مرتبہ تنازع کا شکار ہو گئے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد یہ بات زیب نہیں دیتی کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے میچ کا مطالبہ کروں اور مجھے کسی فیئر ویل میچ کی ضرورت نہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میں بورڈ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے کرکٹ کھیل رہا ہوں، عوام نے مجھے بے پناہ محبت دی اور یہی میرے لیے بہت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'شاہد آفریدی کو معاف کرتا ہوں'

یہ پہلا موقع نہیں کہ فیئر ویل میچ کے معاملے پر شاہد آفریدی تنازع کا شکار ہوئے ہوں بلکہ اس سے قبل بھی وہ اس معاملے پر سابق عظیم کرکٹر جاوید میانداد کے ساتھ الجھ چکے ہیں۔

چند ماہ قبل کراچی میں ایک تقریب کے دوران صحافی نے میانداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ آفریدی الوداعی میچ پیسوں کی خاطر مانگ رہے ہیں جس پر آل راؤنڈر نے جواب دیا کہ 'میانداد کو ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور اب بھی مسئلہ ہے'۔

یہ معاملہ اس وقت سدنگین نوعیت اختیار کر گیا تھا جب میانداد نے آفریدی کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آفریدی نے میچز بیچے ہیں۔

شاہد آفریدی نے میچ فکسنگ الزامات پر عدالت جانے کا عندیہ دیا تھا لیکن بعد میں دونوں کھلاڑیوں میں صلح صفائی ہو گئی تھی۔

شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی ٹیم کی موجودہ کارکردگی کی وجہ متحدہ عرب امارات کی وکٹوں کو قرار دیا اور کہا کہ مسلسل ابوظہبی اور دبئی کی وکٹوں پر کھیلنے کا یہی نتیجہ نکلے گا اور آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئیں گے، بورڈ کو چاہیے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بھیجنے سے پہلے کھلاڑیوں کو اچھی وکٹوں پر میچ کھلائے۔

سیاست میں آںے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہوتا ہے اور میں پہلے ہی اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے یہ کام کر رہا ہوں۔

مزید پڑھیں: خیبر ایجنسی میں شاہد آفریدی کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح

مایہ ناز آل راؤنڈر نے ہندوستان کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کےحوالےسے کبھی بھی جھکاؤ کا مظاہرہ نہیں کیا، عوام پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا ہندوستان کو لچک مظاہرہ کرنا چاہیے، کھیل اور بات چیت سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اس موقع پر سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے قبائلی علاقہ جات میں حالات بہتر ہوئے اور خیبر ایجنسی میں قائم کردہ اسپورٹس کمپلیکس سے کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں