آسٹریلین اوپن:جوکووچ، سرینا کا کامیابی کے ساتھ آغاز

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2017
جوکووچ نے اسپین کے فرنانڈو ویرڈیسکو کو شکست دی—فوٹو: اے ایف پی
جوکووچ نے اسپین کے فرنانڈو ویرڈیسکو کو شکست دی—فوٹو: اے ایف پی

دفاعی چمپیئن نووواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کا کامیابی کے ساتھ آغاز کردیا جبکہ خواتین کی عالمی نمبردو سرینا ولیمز نے بھی دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔

سربیا کے نوواک جوکووچ نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن 2016 میں مجموعی طور پر اسی کارکردگی کو جاری رکھنے میں ناکام رہے اوردرجہ بندی میں پہلی پوزیشن سے بھی محروم ہوگئے۔

جوکووچ نے 2017 کے پہلے گرینڈ سلیم میں اسپین کے فرنانڈو ویرڈیسکو کو 6-1، 7-6 اور 6-2 سے شکست دے کر دوسرے مرحلے میں رسائی کی۔

کروشیا کے 37 سالہ آئیو کارلووچ نے ارجنٹینا کے ہورسیو زیبالوس کو 5 گھنٹے 15 منٹ جاری رہنے والے تاریخی میچ میں 6-7،3-6،7-5، 6-2 اور 22-20 سے کامیابی حاصل کی۔

آئیوکارلووچ نے آسٹریلیا اوپن کی تاریخ کے لمبے ترین میچ میں کامیابی حاصل کی—فوٹو: اے ایف پی
آئیوکارلووچ نے آسٹریلیا اوپن کی تاریخ کے لمبے ترین میچ میں کامیابی حاصل کی—فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین اوپن کی تاریخ میں یہ میچ وقت کے لحاظ سب سے لمبا میچ ہے جبکہ امریکا کے جان ایسنر اور فرانس کے نیکولس ماہوت کے درمیان 2010 میں ومبلڈن میں 11 گھنٹے اور 5 منٹ تک مقابلہ ہوا تھا جہاں امریکی کھلاڑی نے 6-4، 3-6، 6-7، 7-6 اور 70-68 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اسپین کے سابق عالمی نمبرایک کھلاڑی رافیل نڈال نے جرمنی سے تعلق رکھنے والے فلورین مائر کو 6-3، 6-4 اور 6-4 سے زیر کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی جبکہ اسپین کے ہی ڈیوڈ فیرر نے آسٹریلیا کے اومر جاسیکا کو 6-3،6-0 اور6-2 سے شکست دی۔

مزید پڑھیے: مرے، کربر کا آسٹریلین اوپن میں فاتحانہ آغاز

کینیڈین اسٹار میلوس راؤنک نے بھی پہلے مرحلے کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا، انھوں نے جرمنی کے ڈسٹن براؤن کو 6-3، 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پیش قدمی کی۔

خواتین کے مقابلوں میں اہم بات سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کی جیت تھی جنھوں نے بلینڈا بینکک کو 6-4 اور 6-3 کے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر ریکارڈ فتوحات کی امید روشن کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں