اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے سابق گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی کو وزیراعظم نواز شریف کا مشیر ہوا بازی مقرر کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے صدر مملکت ممنون حسین کی منظوری کے بعد سردار مہتاب احمد خان کی وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سردار مہتاب احمد خان پی آئی اے کے چیئرمین بھی ہوں گے، جن کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے سردار مہتاب احمد خان کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں:گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی مستعفی

سردار مہتاب احمد خان خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ، قائد حزب اختلاف، گورنر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

سردار مہتاب احمد خان نے پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کے لیے فروری 2016 میں گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کے مشیر شجاعت عظیم سپریم کورٹ میں طلب

واضح رہے کہ دسمبر 2015 میں سابق مشیر ہوابازی کیپٹن (ر) شجاعت عظیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے شجاعت عظیم کے حوالے سے ان تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ وہ دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کا اُس وقت کورٹ مارشل بھی کیا گیا، جب وہ پاکستان ایئرفورس میں کام کررہے تھے، شجاعت عظیم کو عدالت عظمیٰ نے طلب کرکے اس حوالے سے وضاحت کرنے کو کہا تھا کہ انھوں نے مشیر ہوا بازی جیسے حساس منصب کو کیوں قبول کیا تھا۔

جس کے بعد شجاعت عظیم نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں