لاہور: پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ملتان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملتان کے علاقے لیہ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے آج ملتان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

مزید پڑھیں: سیہون دھماکا:ہلاکتیں 80ہوگئیں، دھمال معمول کے مطابق کرنے کا اعلان

پولیس نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنطیم سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور سیہون میں دہشت گردی کے بعد ملتان میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

واضح رہے کہ 17 فروری کو سیہون میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں 80 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 13 فروری 2017 کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے خود کش دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر)احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش دھماکا،ڈی آئی جی ٹریفک سمیت 13 ہلاک

دھماکے کے وقت مال روڈ پر فارما مینو فیکچررز اور کیمسٹس کا دھرنا جاری تھا اور احمد مبین مظاہرین سے مذاکرات کے لئے آئے تھے

دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ" جماعت الاحرار" نے قبول کی تھی.

یاد رہے کہ 16 فروری 2017 کو پنجاب کے ضلع خانیوال میں سی ٹی ڈی نے مقابلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں